پراپرٹی ٹیکس اور بجلی کا بل اب بھی مالک کے نام پرہے۔ کیا کریں؟
اگر فلیٹ کی خرید و فروخت رجسٹرڈ ڈاکیومنٹس کی بنیاد پر ہوئی ہے تو تب ہی نام کی منتقلی یا تبدیلی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔ اگر نوٹری کی بنیاد پر خرید و فروخت عمل میں آئی ہے تو پھر نام کی منتقلی قانونی طور پر ممکن نہیں ہے۔
سوال : مجھے پوچھنا یہ ہے کہ A نے بلڈنگ کے مالک سے ایک فلیٹ خریدا۔ A نے اسے 12 سال بعد B کو بیچ دیا اور 6 سال بعد B نے C کو بیچ دیا۔اب C اسے بیچنا چاہ رہا ہے لیکن ابھی تک فلیٹ کا ٹیکس اور لائٹ کا بل بلڈنگ کے مالک کے نام پر ہی ہے۔
کیااب C کو اسے فروخت کرنے کے لئے ٹیکس اور لائٹ کا بل اپنے نام پر کرنا ضروری ہےاگر ضروری ہے تو اس کے لئے کیا طریقہ کار ہے۔ رہنمائی فرمائیں تو ممنون رہوں گا۔برائے کرم نام پوشیدہ رکھیں۔
جواب : اگر فلیٹ کی خرید و فروخت رجسٹرڈ ڈاکیومنٹس کی بنیاد پر ہوئی ہے تو تب ہی نام کی منتقلی یا تبدیلی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔ اگر نوٹری کی بنیاد پر خرید و فروخت عمل میں آئی ہے تو پھر نام کی منتقلی قانونی طور پر ممکن نہیں ہے۔ آپ کے مطابق اس وقت فلیٹ کے مالک اور قابض’’ سی‘‘ہیں تو ان ہی کو چاہئے کہ اگر وہ پراپرٹی ٹیکس کو اپنے نام پر کرنا چاہ رہے ہیں تو جو ڈاکیومنٹس کے تحت سی نے فلیٹ کو خریدا تھا۔
ان ڈاکیومنٹس پر پی ٹی آئی این نمبر درج ہوگا۔ پی ٹی آئی این نمبر سے آپ یہ معلوم کر سکتے ہیں کہ ٹیکس کس کے نام پر آرہا ہے۔ اس سلسلہ میں آپ متعلقہ بلدیہ یا میونسپل کارپوریشن سے رجوع ہوتےہوئےمیوٹیشن کے لئے درخواست دے سکتے ہیں ۔اے، بی اور سی کے تمام سرٹیفائیڈ ڈاکیومنٹس کی کاپیز یا زیراکس داخل کرنا ہوگا۔
ساتھ ہی ساتھ ایک حلف نامہ بھی منسلک کرنا ہوگا۔ پراپرٹی ٹیکس میں نام کی تبدیلی کے لئے بلدیہ یا میونسپل کارپوریشن سے رجوع ہونا پڑے گا۔ اگر آپ برقی بل میں بھی نام کی تبدیلی چاہتے ہیں تو اس سلسلہ میں بھی تمام ڈاکیومنٹس کے ساتھ ایک حلف نامہ داخل کرنا ہوگا۔ اس معاملہ میں آپ کو متعلقہ ایریا کے محکمہ برقی کے اسسٹنٹ انجینیئر کو درخواست پیش کرنی ہوگی۔
پراپرٹی ٹیکس کے معاملہ میں پرانے ٹیکسس کے رسائد اور برقی بل میں نام کی تبدیلی کے لئے موجودہ برقی بل کا ہونا ضروری ہے۔ ایک اور اہمیت کی حامل بات یہ ہے کہ اگر پی ٹی آئی این نمبر نہیں ہے تو پھر پہلے آپ کو تمام دستاویزات کے ساتھ اسسمنٹ کے لئے درخواست دینی ہوگی۔
پی ٹی آئی این نمبر الاٹ ہونےکے بعد ہی پراپرٹی ٹیکس میں نام کی تبدیلی ممکن ہو سکے گی۔ لہذا پراپرٹی ٹیکس اور برقی بل میں نام کی تبدیلی کے لئے آپ متعلقہ بلدیہ یا میونسپل کارپوریشن اور محکمہ برقی کے ذمہ داران سے ربط قائم کریں۔