تلنگانہ میں SIR کی تواریخ میں کیا تبدیلی ہوئی؟جانیں تفصیلات
کیا ریاست تلنگانہ میں اسپیشل انٹینسیو ریویژن ایس آئی آر کی تواریخ میں تبدیلی کی گئی ہے۔ کیا اس تعلق سےاحکامات جاری کئے گئے ہیں۔ برائے کرم مہربانی فرما کر ایس آئی آر سے متعلق مکمل تفصیلات فراہم کریں تو عین نوازش ہوگی۔
سوال: کیا ریاست تلنگانہ میں اسپیشل انٹینسیو ریویژن ایس آئی آر کی تواریخ میں تبدیلی کی گئی ہے۔ کیا اس تعلق سےاحکامات جاری کئے گئے ہیں۔ برائے کرم مہربانی فرما کر ایس آئی آر سے متعلق مکمل تفصیلات فراہم کریں تو عین نوازش ہوگی۔
جواب : جی ہاں! ریاست تلنگانہ میں ایس آئی آر کی تواریخ میں نظر ثانی کی گئی ہے۔ چیف الیکٹورل آفیسر تلنگانہ سدرشن ریڈی، چیف منسٹر ریونت ریڈی اور مختلف گوشوں سے نمائندگی کی بنیاد پر الیکشن کمیشن آف انڈیا نے ریاست تلنگانہ میں ایس آئی آر کی تواریخ میں توسیع کی ہیں۔ اس لحاظ سے اب قطعی فہرست رائے دہندگان کی اجرائی 9 نومبر کو عمل میں آئے گی جبکہ گزشتہ میں قطعی فہرست رائے دہندگان کی اشاعت کی تاریخ 19 اکتوبر مقرر کی گئی تھی۔
اب اس تاریخ کو آگے بڑھا دیا گیا ہے اور اب 9 نومبر کو قطعی فہرست رائے دہندگان یا فائنل ووٹر لسٹ جاری کی جائے گی۔ ریاست تلنگانہ میں 17 اگست سے 16 ستمبر تک ادعاجات اور اعتراضات کے ادخال کی سہولت فراہم کی گئی تھی تاہم اب تاریخ میں توسیع کے بعد ادعاجات اور اعتراضات 7 اکتوبر تک پیش کئے جا سکتے ہیں۔
اگر کسی کا نام ڈرافٹ رول میں نہیں آیا ہے تو وہ فارم 6 ڈکلیریشن کے ساتھ اب 7 اکتوبر تک داخل کر سکتے ہیں۔ اسی طرح کسی بھی قسم کے ادعاجات یااعتراضات بھی 7 اکتوبر تک داخل کئے جا سکتے ہیں۔ اگر پولنگ بوتھ تبدیل کرنا ہو، اگر کسی کا نام دوسرے اسمبلی حلقہ میں ڈال دیا گیا ہو۔
الغرض کسی بھی قسم کے ووٹرلسٹ سے متعلق اعتراضات اور ادعاجات کو داخل کرنے کی آخری تاریخ 7 اکتوبر مقرر کی گئی ہے۔ایس آئی آر پر نظرثانی شدہ تواریخ کے مطابق اب اعتراضات اور ادعاجات 7 اکتوبر تک داخل کئے جا سکتے ہیں۔ اسی طرح نوٹسوں کا مرحلہ، ڈسپوزل آف کلیمس اینڈ آبجیکشنس کے لئے آخری تاریخ 5 نومبر 2026 مقرر کی گئی ہے۔ قطعی فہرست رائےدہندگان 9 نومبرکو جاری کی جائے گی۔