قانونی مشاورتی کالمقومی

آوارہ کتوں سے پریشان شہری کیا کریں؟ جی ایچ ایم سی میں شکایت کا طریقہ جانیں

میرا نام جنید بیگ ہے اور میں مانصاحب ٹینک کا ساکن ہوں۔ہمارے محلے میں کتوں کی بہتات ہو گئی ہے۔رات کے وقت کتوں کی وجہ سے بہت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ہم گھروں سے باہر نکلنے میں بھی خوف محسوس کر رہے ہیں۔

سوال : میرا نام جنید بیگ ہے اور میں مانصاحب ٹینک کا ساکن ہوں۔ہمارے محلے میں کتوں کی بہتات ہو گئی ہے۔رات کے وقت کتوں کی وجہ سے بہت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ہم گھروں سے باہر نکلنے میں بھی خوف محسوس کر رہے ہیں۔ دن کے اوقات میں بھی بچوں کا گھر سے نکلنا مشکل ہو گیا ہے۔ ایسے حالات میں ہم کو کیا کرنا چاہئے۔

جواب: گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن نے ایک آن لائن گریوینس نمبر 04021111111 متعارف کیا ہے ۔آپ اس نمبر پر راست کال کرتے ہوئے گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے ملازمین سے بات کر سکتے ہیں اور کتوں کے مسئلہ کے تعلق سے شکایت درج کروا سکتے ہیں۔ یہ سروس 24 گھنٹے دستیاب ہے۔

اس نمبر پر کال کرتے ہوئے آپ اپنے محلہ میں کتوں کی بہتات کے مسئلہ کو پیش کر سکتے ہیں۔ آوارہ کتوں کو پکڑنے کے لئے باضابطہ ایک علیحدہ یونٹ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے تحت موجود ہے۔ کتوں کے مسئلہ کی یکسوئی کے لئے آپ ہرگز تاخیر نہ کریں بلکہ جلد از جلد کوشش کریں کہ آپ کے محلہ سے آوارہ کتوں کا انخلاء عمل میں آئے۔

ساتھ ہی ساتھ کچرے کے انبار اور تعمیراتی مٹیریل سڑکوں پر ڈمپ کرنے کے مسئلہ کی یکسوئی کے لئے بھی گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کی جانب سے سہولت فراہم کی گئی ہے۔ اس سلسلہ میں گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن نے ایک واٹس ایپ ہیلپ لائن نمبر 8125966586جاری کیا ہے۔

اگر آپ کے محلے یا آپ کے گھر کے اطراف میں اگر کسی قسم کا کچرہ ڈمپ کیا گیا ہے یا کسی بھی قسم کا کنسٹرکشن میٹریل ڈالا گیا ہے تو اس کو فوری طور پر ہٹانے کے لئے بھی آپ اس واٹس ایپ ہیلپ لائن نمبر پر کال کرسکتے ہیں یا پھرفوٹو کھینچ کر روانہ کرسکتے ہیں تاکہ فوری طور پر کچرہ اور کنسٹرکشن میٹریل کو راستہ سے ہٹایا جا سکے۔

گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کی جانب سے دیئے گئے ان دونوں نمبروں سے استفادہ کرتے ہوئے آپ اپنے مسائل کو حل کرنے کی کوشش کر سکتے ہیں۔