پراپرٹی خریدتے وقت صرف ڈاکیومنٹس نہیں، ان اہم نکات کا بھی رکھیں خیال
ہم جو بھی پراپرٹی یا جائیداد خریدتے ہیں۔ اس کے لئے ہماری محنت کی کمائی دیتے ہیں لہٰذا ہم کو بہت ہی سوچ سمجھ کر کوئی بھی جائیداد یا پراپرٹی خریدنی چاہئے ۔
ایم۔اے مجیب
ایڈوکیٹ‘ تلنگانہ ہائیکورٹ
سوال: میں ایک فلیٹ خرید رہا ہوں۔ ڈاکیومنٹس کی جانچ پڑتال کے ساتھ ساتھ ایسے کونسے پوائنٹس یا نکات ہیں جس پر مجھ کو عمل کرنا چاہئے تاکہ میں جو پراپرٹی خرید رہا ہوں۔ آگے چل کر مجھے کوئی مسئلہ یا تنازعہ کا شکار ہونا نہ پڑے اور میرے لئے کوئی سردردکا باعث یہ جائیداد نہ بنے۔ ایسے کونسے نکات ہیں کہ جس پر عمل آوری کے ذریعہ میں اپنے پیسوں کے ساتھ ساتھ خریدی گئی پراپرٹی کا تحفظ کر سکوں اور پراپرٹی کی خریدی کے لئے جو رقم میں صرف کر رہا ہوں وہ رقم کی حفاظت ہو سکے۔ ڈاکیومنٹس کی جانچ پڑتال یا ڈاکیومنٹس چیک کرنے کے علاوہ ایسے کونسے نکات ہیں جس کے ذریعہ سے خریدی گئی پراپرٹی محفوظ رہے اس سلسلہ میں رہنمائی فرمائیں تو بڑی نوازش ہوگی۔
جواب: ہم جو بھی پراپرٹی یا جائیداد خریدتے ہیں۔ اس کے لئے ہماری محنت کی کمائی دیتے ہیں لہٰذا ہم کو بہت ہی سوچ سمجھ کر کوئی بھی جائیداد یا پراپرٹی خریدنی چاہئے ۔ سب سے اہم نکتہ یہ ہے کہ جب آپ کوئی بھی جائیداد کی خریدی کے خواہاں ہوتے ہیں تو آپ کو چاہئے کہ سب سے پہلے آپ اس جائیداد کی قیمت کو درست یا صحیح طریقہ سے چیک کر لیں۔ بعض اوقات ایسا ہوتا ہے کہ کم قیمت کی چکر میں ہم دھوکہ دہی کا شکار ہو جاتے ہیں۔
عموماً کوئی بھی نزاعی پراپرٹی کم دام میں فروخت کی جاتی ہے۔ جب کوئی بھی شخص جائیداد فروخت کرنے کے لئے نکلتا ہے اگر وہ جائیداد کلیئر نہ ہوتو پراپرٹی فروخت کرنے والا یہ سوچتا ہے کہ اس کے بھائی کیس کر دیں گے یا بہن کیس کر دیں گے یا کوئی ان کا رشتہ دار کیس کر دے گا کوئی پڑوسی کیس کر دے گا۔ اگر جائیداد میں کوئی نقص ہے۔ کوئی فراڈ ہے۔ کوئی دھوکہ دہی کی بات ہے تو وہ ان سب چیزوں کو پوشیدہ رکھنے یا ان سے بچنے کے لئے پراپرٹی کو کم دام میں فروخت کر کے نکل جانا چاہتا ہے۔
ہوتا یہ ہے کہ اگر کوئی پراپرٹی کم دام میں فروخت ہوتی ہے تو ہم عجلت میں اس کی خریدی کی کوشش کرتے ہیں اور بعد میں مشکلات کا شکار ہو جاتے ہیں۔ مثال کے طور پر اگر کوئی جائیداد کی قیمت ایک روپیہ ہے اور اگر یہ جائیداد کو کوئی 25 پیسے میں فروخت کر رہا ہے تو پھر آپ کو بہت زیادہ چوکنا ہو جانے کی ضرورت ہے۔ آپ کو فوری طور پر الرٹ ہو جانا چاہئے کہ آخر یہ پراپرٹی کم دام میں کیوں فروخت کی جا رہی ہے۔ میرے کہنے کا مطلب یہی ہے کہ صحیح دام ہی صحیح جائیداد کی پہچان ہوتی ہے لہذا کم دام کی چکر میں نہ جائیں اور دھوکہ دہی کا شکار نہ ہو ں۔
دوسری اہم بات یہ ہے کہ میں تمام افراد کو یہ مشورہ دینا چاہتا ہوں کہ آپ جب بھی کوئی پراپرٹی خریدنے کے خواہاں ہوں اور اگر آپ کو پیسوں کی ضرورت ہو یا نہ ہو۔ اس کے باوجود بھی آپ کوشش کریں کہ پراپرٹی کی خریدی کے لئے کچھ لون بینک سےحاصل کریں۔ اگر آپ کوئی بھی بینک سے لون حاصل کریں گے تو ہوتا یہ ہے کہ جو بینک آپ کو لون دے رہا ہے اورجو جائیداد آپ خرید رہے ہیں۔ اس جائیداد کے تعلق سے وہ بینک تمام جانچ پڑتال کرتا ہے۔ سارے ایکسپرٹس یا ماہرین اس جائیداد کے پیچھے لگ جائیں گے کہ یہ جائیداد کلیئر ٹائٹل ہے یا پھر کوئی قانونی تنازعہ ہے۔ جائیداد میں کسی قسم کی خامی ہے یا نہیں۔
اس طرح سے جائیداد کے تعلق سے مکمل اور جامع تحقیقات یا انکوائری ہو جائے گی کیونکہ کوئی بھی بینک مکمل جانچ پڑتال کے بعد ہی آپ کو لون منظور کرتا ہے۔ اگر آپ کو پیسوں کی ضرورت نہیں ہے تو پھر بھی آپ بینک سے تھوڑا سا لون حاصل کر لیں اور پراپرٹی کے خریدی کریں تاکہ پراپرٹی کے تعلق سے آپ کو مکمل قانونی جانکاری حاصل ہو سکے۔ ایسا کرنے کی صورت میں آپ کوئی بھی لیٹیگیشن یا تنازعہ کی پراپرٹی خریدنے سے بچ جائیں گے۔
اگر آپ لون لیتے ہیں اور پراپرٹی کی خریداری کرتے ہیں تو یہ ایک آپ کے لئے ’’سیو گارڈ‘‘ ہے۔ ایک اور اہم نکتہ یہ ہے کہ جب کبھی بھی آپ کوئی جائیداد خریدتے ہیں تو خریدی کے لئے جو رقم آپ ادا کرتے ہیں۔ وہ رقم آپ ہمیشہ بینک ٹرانزیکشن کے ذریعہ ادا کریں۔ بینک ٹرانسفر کے بغیر کوئی بھی پراپرٹی نہ خریدی جائے۔ عام طور پر ہوتا یہ ہے کہ جب ہم کوئی پراپرٹی کی خریدی کرتے ہیں تو ایسے معاملات میں زیادہ تر کیش ٹرانزیکشن ہوتا ہے جو کہ غیر قانونی بھی ہے۔ اگر آپ چاہتے ہیں کہ آپ کے پیسے کا تحفظ ہو اور آپ جو پراپرٹی خرید رہے ہیں وہ بالکل محفوظ رہے اور مستقبل میں آپ کا پیسہ بھی محفوظ رہے اور اگر کوئی نزاعی مسئلہ پیدا ہوتا ہے تو آپ کو آپ کے پیسے آسانی سے واپس مل سکیں تواس کے لئے آپ کو چاہئے کہ آپ بینک ٹرانسفر کے ذریعہ رقم ادا کریں۔
چیک یا ڈیمانڈ ڈرافٹ یا کوئی بھی آن لائن پیمنٹ کے ذریعہ سے آپ پراپرٹی کی خریدی عمل میں لائیں۔ اگر آپ پراپرٹی فروخت کرنے والے کو آن لائن کے ذریعہ پیمنٹ کریں گے تو یہ آپ کے لئے بہت زیادہ محفوظ رہے گا۔ جہاں تک دستاویزات کی جانچ پڑتال ہے وہ ایک الگ بات ہے تاہم یہ ایسے نکات ہیں جس پر عمل کرتے ہوئے آپ اگر پراپرٹی خریدیں گے تو آپ کو مستقبل میں کوئی مسائل کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا اور آپ نقصان سے بھی محفوظ رہیں گے۔