بی جے پی کی دھمکی سے خوف زدہ نہیں ہوں گا: ریونت ریڈی
ریونت ریڈی نے کہاکہ مودی اگر وزیر اعظم کے طور پر کام کریں گے تو ان کا احترام کیا جائے گا اگر گجرات کا غلبہ دکھائیں گے اور تلنگانہ کی توہین کریں گے تو وہ اس کے خلاف آواز بلند کریں گے۔
حیدرآباد: چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے آج الزام عائد کیا کہ بی جے پی، آئین تبدیل اور تحفظات کو ختم کرنا چاہتی ہے۔ بی جے پی کی سازش پر میں نے سوال کیا تو محکمہ داخلہ کی ہدایت پر میرے خلاف دہلی پولیس نے مقدمہ درج کرتے ہوئے مجھے نوٹس جاری کی ہے۔
صرف ای ڈی، سی بی آئی، آئی ٹی ہی نہیں بلکہ اب وہ دہلی پولیس کو بھیج کر ہمیں خوفزدہ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ لیکن میں (ریونت ریڈی) مقدمات سے خوف زدہ ہونے والا نہیں ہوں۔ تلنگانہ کے عوام میرے ساتھ ہیں۔ میرے ساتھ50لاکھ نوجوان ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میرے ساتھ نازیبا برتاؤ کرنے والے کے سی آر کو اسمبلی انتخابات میں عوام نے اقتدار سے بے دخل کردیا۔ مودی اگر وزیر اعظم کے طور پر کام کریں گے تو ان کا احترام کیا جائے گا اگر گجرات کا غلبہ دکھائیں گے اور تلنگانہ کی توہین کریں گے تو وہ اس کے خلاف آواز بلند کریں گے۔
وزیر اعظم مودی کل یہاں آئے لیکن یہ کہہ بغیر چلے گئے کہ انہوں نے تلنگانہ کو کیا دیا؟۔ ہم نے سمجھا تھا کہ مودی، تقسیم ریاست بل میں منظورہ پروجیکٹس اور ہلدی بورڈ کی تشکیل سے متعلق کچھ تیقن دیں گے لیکن انہوں نے مسائل پر ایک لفظ بھی نہیں کہا۔ اس کے برعکس بی جے پی قائدین اور مودی کانگریس مکت بھارت کا نعرہ بلند کرتے ہیں۔
کیا کانگریس مکت بھارت کا مطلب تحفظات کا خاتمہ ہے؟۔ چیف منسٹر نے کہا کہ میں نے مرکزی حکومت سے موسیٰ ریور پروجیکٹ کیلئے فنڈس کا مطالبہ کیا، لیکن اس پر کوئی بات نہیں کی گئی۔ حیدرآباد کو پینے کے پانی کی سربراہی کیلئے فنڈس مختص کرنے کی درخواست کی گئی تو کوئی جواب نہیں دیا گیا۔
اگر میں تحفظات کی برقراری کیلئے آواز بلند کرتا ہوں تو کیا میرے خلاف مقدمہ درج کریں گے؟گجرات سے آکر تلنگانہ پر دعویٰ کرنا ممکن نہیں ہے۔ اگر میری ریاست میں آکر چیف منسٹر کو دھمکی دیتے ہیں تو اس کا تلنگانہ عوام ان کے ساتھ کھڑے نہیں رہیں گے۔ وزیر اعظم خبردار!۔ اگر بی جے پی کا رکن ہمیں خوفزدہ اور ہراساں کریں گے تو اس کا انجام برُا ہوگا۔
مودی نے 10سال تک تلنگانہ کو صرف گدھے کا انڈہ دیا۔ کیا، تلنگانہ کے لوگ گدھے کا انڈہ لانے والوں کو ووٹ دیں گے؟۔ چیف منسٹر آج کورٹلہ میں کانگریس امیدوار جیون ریڈی کے انتخابی جلسہ سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ جیون ریڈی نے 43سال تک مختلف عہدوں پر رہتے ہوئے عوام کی خدمت کی۔
لیکن انہوں نے کبھی دفتری کام میں مداخلت ڈالکر کرپشن نہیں کیا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ حلقہ نظام آباد سے جیون ریڈی کو کامیاب بنائیں۔ منتخب ہونے پر انہیں انڈیا اتحاد وحکومت میں مرکزی وزیر زراعت کے عہدے پر فائز کیا جائے گا۔ انہوں نے توقع ظاہر کی ہے کہ جیون ریڈی ایک لاکھ ووٹوں کی اکثریت سے کامیابی حاصل کریں گے۔