بنگلورو کےایک مکان سے خاتون کا ڈھانچہ برآمد
پولیس نے خاتون کی موت کے حالات اور موت کی اصل وجہ کا تعین کرنے کے لیے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
بنگلورو : پولیس نے ہفتہ کو بتایا کہ بنگلورو کے ہاونور لے آؤٹ میں ایک 52 سالہ خاتون کی ڈھانچہ نما باقیات ایک بند مکان سے برآمد ہوئی ہیں۔ شبہ ہے کہ خاتون کی موت تقریباً ایک سال قبل ہوئی تھی۔ یہ مکان باگال گنٹے پولیس اسٹیشن کی حدود میں واقع ہے۔
متوفیہ کی شناخت دکشاینی کے طور پر ہوئی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ وہ تقریباً ایک دہائی قبل اپنے شوہر امیش کی موت اور اس کے بعد اپنے بیٹے کی کینسر سے موت کے بعد اکیلی رہ رہی تھیں۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق دکشاینی کا تقریباً ایک سال سے اپنے رشتہ داروں سے کوئی رابطہ نہیں تھا۔ پڑوسیوں نے جمعہ کی رات تقریباً 8 بجے مکان کا دروازہ کھلا دیکھا۔ مکان تقریباً ایک سال سے بند تھا۔ چوری کے شبہ میں پڑوسیوں نے پولیس کو اطلاع دی۔
پولیس موقع پر پہنچی اور مکان کی تلاشی لی تو باتھ روم سے دکشاینی کی ڈھانچہ نما باقیات برآمد ہوئیں۔
باقیات کو طبی و سائنسی جانچ کے لیے فارنزک سائنس لیبارٹری بھیج دیا گیا ہے۔ پولیس نے خاتون کی موت کے حالات اور موت کی اصل وجہ کا تعین کرنے کے لیے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
اس معاملے میں مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔