دہلیسوشیل میڈیا

Video : جیل میں عام آدمی پارٹی کے وزیر کے مساج کا ویڈیو وائرل

ڈپٹی چیف منسٹر دہلی نے کہا کہ ستیندر جین جو کہ منی لانڈرنگ کیس میں عدالتی تحویل میں ہیں، اُن کی یہاں پر فزیوتھراپی کی جارہی ہے اور بی جے پی کی جانب سے ان ویڈیوز کا افشا کیا جارہا ہے۔

نئی دہلی: دہلی کے ڈپٹی چیف منسٹر منیش سسوڈیا نے آج یہاں بھارتیہ جنتا پارٹی پر عام آدمی پارٹی کے وزیر ستیندر جین کے ویڈیو کو یہاں کی تہار جیل سے افشا کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے ادّعا کیا کہ وہ ریڑھ کی ہڈی کے زخم کے علاج کے لیے فزیو تھراپی کررہے ہیں۔

زعفرانی پارٹی پر الزام عائد کیا کہ وہ سستی سیاست کے حربے اختیار کررہے ہیں۔

ڈپٹی چیف منسٹر دہلی نے کہا کہ ستیندر جین جو کہ منی لانڈرنگ کیس میں عدالتی تحویل میں ہیں، اُن کی یہاں پر فزیوتھراپی کی جارہی ہے اور بی جے پی کی جانب سے ان ویڈیوز کا افشا کیا جارہا ہے۔

انھوں نے کہا کہ جین جو کہ زخمی ہوگئے تھے، ان کی دو سرجری بھی کی گئی ہیں۔ ڈاکٹر نے انہیں فزیوتھراپی کا مشورہ دیا تھا اور اب ان ویڈیوز کو بی جے پی کی جانب سے دکھایا جارہا ہے۔

سسوڈیا نے کہا کہ ان کے رفیق کو جھوٹے کیس میں جیل میں رکھا گیا ہے اور بی جے پی کی جانب سے جین کی علالت کے تعلق سے غیردرست بیانات دیے جارہے ہیں۔ بی جے پی کو ایم سی ڈی اور گجرات انتخابات میں ناکامی کا خوف ہے، اس لیے وہ اس طرح کے سستے سیاسی حربوں کا استعمال کررہی ہے۔

انھیں چاہیے کہ دہلی میں منعقد ہونے والے ایم سی ڈی انتخابات میں اس مسئلہ پر مقابلہ کرے۔ جیل میں دہلی کے وزیر ستیندرجین کے پیر کا مساج کرانے کا ویڈیو وائرل ہونے کے بعد کانگریس کی قومی ترجمان الکا لامبا نے آج چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال سے سوال کیا کہ انہیں (جین) ابھی تک عہدہ سے کیوں نہیں ہٹایا گیا؟