کیلیفورنیا حادثے کے متاثرہ خاندان کے گھر پہنچے یاقوت پورہ ایم ایل اے جعفر حسین میراج
پارٹی کی جانب سے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا، جس میں قانونی رہنمائی، متعلقہ حکام سے رابطہ اور امریکی سفارت خانے سے ہم آہنگی بھی شامل ہوگی
صدر آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (AIMIM) بیرسٹر اسدالدین اویسی صاحب اور فلور لیڈر اکبرالدین اویسی صاحب کی ہدایت پر یاقوت پورہ کے رکنِ اسمبلی جعفر حسین میراج صاحب نے امریکہ کی ریاست کیلیفورنیا میں پیش آنے والے المناک سڑک حادثے کے بعد سعید آباد کالونی کے رہائشی شیخ نوید کے اہلِ خانہ کی رہائش گاہ پہنچ کر تعزیت کی۔
اس دل خراش حادثے میں شیخ نوید کی اہلیہ سلمیٰ (45 سال)، 10 سالہ بیٹے حافظ عمر اور 16 سالہ بیٹی حافظہ نہیٰ شیخ جاں بحق ہوگئے، جبکہ شیخ نوید اور ان کی کم عمر بیٹی زخمی ہوگئیں۔
جعفر حسین میراج صاحب نے سوگوار خاندان سے ملاقات کر کے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا اور یقین دلایا کہ اس کٹھن وقت میں AIMIM پوری مضبوطی کے ساتھ متاثرہ خاندان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
انہوں نے یہ بھی یقین دہانی کرائی کہ اگر اہلِ خانہ کو امریکہ سفر کرنے کی ضرورت پیش آئے تو پارٹی کی جانب سے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا، جس میں قانونی رہنمائی، متعلقہ حکام سے رابطہ اور امریکی سفارت خانے سے ہم آہنگی بھی شامل ہوگی۔