ایشیاء

زرداری نے میرے قتل کا ’پلان سی‘ تیار کرلیا: عمران خان

عمران خان نے عوام سے کہا کہ میں آپ لوگوں سے یہ بات اس لئے کررہا ہوں کہ مجھے کچھ ہوجائے تو ملک اور عوام کو معلوم ہونا چاہئے کہ اس کے پیچھے کس کا ہاتھ ہے تاکہ قوم ان لوگوں کو کبھی معاف نہ کرے۔

لاہور: سابق وزیراعظم پاکستان عمران خان نے دعویٰ کیا ہے کہ انہیں قتل کرنے کے لئے نیا منصوبہ بنا ہے۔ انہوں نے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے معاون صدرنشین آصف علی زرداری پر کلیدی سازشی ہونے کا الزام عائد کیا۔ پاکستان تحریک ِ انصاف(پی ٹی آئی) سربراہ نے اس مبینہ سازش کو ”پلان سی“ کا نام دیاجس کے لئے انہوں نے آصف علی زرداری کو موردِالزام ٹھہرایا۔

متعلقہ خبریں
خط اعتماد چرانے والوں پر غداری کا مقدمہ چلایا جائے: عمران خان
عمران خان اور بشریٰ بی بی کو 4 اپریل کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم
عمران خان کی رہائی کا مطالبہ، پاکستانی سینیٹ میں قرارداد جمع
عمران خان کے پارٹی قائدین کے خلاف تازہ فوجی کارروائی
رات کی تاریکی میں ہمارا خط ِ اعتماد چُرالیا گیا : پاکستان تحریک انصاف کا شکوہ

انہوں نے کہا کہ زرداری نے ان پر قاتلانہ حملہ کے لئے ایک دہشت گرد تنظیم کو پیسہ دیا ہے۔ عمران خان نے الزام عائد کیا کہ اب ان لوگوں نے پلان سی بنالیا ہے اور اس کے پیچھے آصف زرداری ہے۔ اس شخص کے پاس کرپشن کا ڈھیر سارا پیسہ ہے جو اس نے حکومت ِ سندھ سے لوٹا ہے۔

 وہ اس رقم کو الیکشن جیتنے کے لئے خرچ کرتا ہے۔ زرداری نے ایک دہشت گرد تنظیم کو پیسہ دیا ہے اور طاقتور ایجنسیوں کے لوگ اس کی مدد کررہے ہیں۔ 3 محاذوں پر یہ فیصلہ ہوا ہے اور وہ لوگ اس پر عنقریب عمل کریں گے۔

عمران خان نے عوام سے کہا کہ میں آپ لوگوں سے یہ بات اس لئے کررہا ہوں کہ مجھے کچھ ہوجائے تو ملک اور عوام کو معلوم ہونا چاہئے کہ اس کے پیچھے کس کا ہاتھ ہے تاکہ قوم ان لوگوں کو کبھی معاف نہ کرے۔

عمران خان گزشتہ برس نومبر میں وزیرآباد میں ان پر ہونے والی فائرنگ کا حوالہ دے رہے تھے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اس وقت مذہبی انتہاپسندی کے نام پر انہیں ہلاک کرنے کا ”پلان بی“ تھا۔ وہ لوگ مجھے مارنے کے اپنے منصوبہ میں لگ بھگ کامیاب ہوگئے تھے لیکن اب یہ لوگ پلان سی کی طرف بڑھ رہے ہیں۔