کھیل

زین الدین زیڈان فرانس کے ہیڈ کوچ مقرر

زیڈان نے مزیدکہا کہ میں اس چیلنج کے لیے پوری طرح تیار ہوں، میں اپنی پوری صلاحیت صرف کروں گا تاکہ یہ ٹیم کامیاب ہو

پیرس :   زین الدین زیڈان کو منگل کے روز فرانس کی قومی ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کیا گیا، جس کے ساتھ ہی انہوں نے بین الاقوامی فٹبال کی سب سے معتبر نوکریوں میں سے ایک کا چارج سنبھال کر برسوں کی قیاس آرائیوں کا خاتمہ کر دیا۔

54 سالہ سابق فرانسیسی کپتان ڈیڈیئر ڈیشامپ کی جگہ لیں گے، جنہوں نے پچھلے سال انکشاف کیا تھا کہ وہ 2026 فیفا ورلڈ کپ کے بعد 14 سال تک انچارج رہنے کے بعد عہدہ چھوڑ دیں گے۔ فرنچ فٹبال فیڈریشن نے کہا کہ زیدان نے 2030 ورلڈ کپ کے لیے ایک معاہدے (کنٹریکٹ) پر دستخط کیے ہیں۔

اپنی تقرری کے حوالے سے زیڈان کا کہنا ہےکہ فرانس ٹیم کی کوچنگ میرے لیے انتہائی فخر کا باعث ہے، یہ میرا خواب بھی تھا، مجھے گزشتہ 5 برسوں میں مختلف کلبوں کی کوچنگ کی کئی پیشکشیں ہوئیں لیکن میں نے سب کو مسترد کر دیا، کیونکہ میں صرف فرانس کی قومی ٹیم کی کوچنگ کرنا چاہتا تھا۔

زیڈان نے مزیدکہا کہ میں اس چیلنج کے لیے پوری طرح تیار ہوں، میں اپنی پوری صلاحیت صرف کروں گا تاکہ یہ ٹیم کامیاب ہو۔

خیال رہے کہ 54 سالہ زیڈان فرانس کی تاریخ کے عظیم ترین فٹبالرز میں شمار ہوتے ہیں۔ انہوں نے 1998 کے ورلڈ کپ میں فرانس کو پہلی بار عالمی چیمپئن بنایا، 2006کے ورلڈکپ میں وہ ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے، تاہم فائنل میں اٹلی کے مارکو ماتراتسی کو سر سے ٹکر مارنے پر انہیں ریڈکارڈ دکھایا گیا۔

زیڈان نے بطور کوچ ریال میڈرڈ کے ساتھ مسلسل تین یوئیفا چیمپئنز لیگ ٹائٹل جیتے اور ٹیم کو 2 مرتبہ اسپینش لیگ لالیگا کا ٹائٹل بھی جتوایا۔ مئی 2021 میں ریال میڈرڈ کی کوچنگ چھوڑنے کے بعد سے وہ کسی بھی ٹیم کی ذمہ داری نہیں سنبھال رہے تھے۔