تعلیم و روزگارحیدرآباد

اردو اکیڈیمی کی جانب سے لائبریریز کو اردو کتابوں کی فراہمی

تلنگانہ ریاستی اردو اکیڈیمی کی اسکیم ”لائبریریوں کو بشکل کتب اعانت“ اسکیم کے تحت اردو لائبریریز کو کتابیں فراہم کی جارہی ہیں۔

حیدرآباد: تلنگانہ ریاستی اردو اکیڈیمی کی اسکیم ”لائبریریوں کو بشکل کتب اعانت“ اسکیم کے تحت اردو لائبریریز کو کتابیں فراہم کی جارہی ہیں۔

محمد خواجہ مجیب الدین صدر ریاستی اردو اکیڈیمی نے اپنے صحافتی بیان میں اس سلسلہ میں تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ ریاستی اردو اکیڈیمی کی جانب سے ریاست میں فروغ اردو کے ضمن میں اردو اکیڈیمی کی اسکیم ”لائبریریوں کو بشکل کتب اعانت“ اسکیم کے تحت ریاست تلنگانہ کی اردو لائبریریز کو معروف ادباء‘ اسکالرس و شعرائے کرام کی تحقیقی و معلوماتی کتابوں کی فراہمی عمل میں لائی جارہی ہے۔

صدر اردو اکیڈیمی نے ریاست کی اردو لائبریریز کے ذمہ داروں سے خواہش کی ہے کہ کتابوں کے حصول کے لئے متعلقہ لائبریری کے لیٹر ہیڈ پر اپنی درخواستیں بنام ڈائرکٹر/سکریٹری‘ تلنگانہ ریاستی اردو اکیڈیمی‘ چوتھی منزل‘ حج ہاؤز نامپلی‘ حیدرآباد ذریعہ پوسٹ یا بالمشافہ جمع کروائیں۔

درخواستوں کی تنقیح وجانچ کے بعد اندرون ایک ہفتہ کتابیں اردو مسکن‘ روبرو چو محلہ پیالیس‘ خلوت حیدرآباد سے جاری کی جائیں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ لائبریریز کے ذمہ دار لائبریری کا اسٹامپ (مہر) بھی اپنے ساتھ رکھیں۔