اصلی اور نقلی خبروں کا فرق جاننے دماغ استعمال کریں: ممتابنرجی
یوم اطفال کے موقع پر چیف منسٹر مغربی بنگال ممتابنرجی نے آج طلباء سے کہاکہ اصلی اور نقلی خبروں میں فرق جاننے کیلئے وہ اپنا دماغ استعمال کریں۔

کولکتہ: یوم اطفال کے موقع پر چیف منسٹر مغربی بنگال ممتابنرجی نے آج طلباء سے کہاکہ اصلی اور نقلی خبروں میں فرق جاننے کیلئے وہ اپنا دماغ استعمال کریں۔
12 ویں کلاس کے طلباء میں ٹیابس تقسیم کرنے کی ایک تقریب جس میں ریاستی وزیرتعلیم برتیا باسو نے بھی شرکت کی کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے یہ خیال ظاہر کیا۔ چیف منسٹر نے کہاکہ آپ اپنا دماغ استعمال کریں جس میں کئی خلیے موجود ہیں۔ بری سوچ سے دماغ کے خلیے تباہ ہوجاتے ہیں۔
لہٰذا دماغ کے خلیوں کو فعال رکھنے اور اصلی اور نقلی خبروں میں فرق جاننے کیلئے مثبت سوچ ضروری ہے۔ انہوں نے ہدایت دی کہ جہاں تک ممکن ہوسکے نیوز چیانلس سے گریز کریں کیونکہ بیشتر اوقات وہ اپنی ٹی آر پی کو بڑھانے کیلئے جھوٹی خبریں نشر کرتے ہیں۔
ریاست میں ٹیچرس رکروٹمنٹ اسکام پر حالیہ تنازعات کا راست حوالہ دئیے بغیر ممتابنرجی نے کہاکہ کام کرنے میں غلطیاں ضرورسرزد ہوتی ہیں۔ انہیں چاہئے کہ ان غلطیوں کا اتلاف کریں۔ یقیناً قانون اپنا کام کرے گا۔ جہاں تک ممکن ہوسکے ٹیلی ویژن پرنیوز چینلس دیکھنے سے گریز کریں۔ وہ ہمیشہ ہی ہمارے خلاف پروپگنڈہ کرتے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ جب وہ وزیر ریلوے تھیں‘ انہیں نہیں بخشا گیا۔ اس موقع پر چیف منسٹر نے طلباء کو ہدایت دی کہ وہ زیادہ لالچی نہ بنیں۔ انہوں نے کہاکہ عمر کی مدت کم ہے لہٰذا کیوں لالچ کا شکار ہوں۔ آپ کیلئے کروڑوں روپے کمانے سے بہتر ہے کہ انسانی اقدار سیکھیں۔
راست نام لئے بغیر ریاست میں اپوزیشن پارٹیوں کے خلاف تنقید کرنے اس موقع کو استعمال کیا۔ بنرجی نے کہاکہ جنہیں مغربی بنگال کا احترام اورمحبت نہیں ہے وہ بے بنیاد اسکینڈل میں ملوث ہوتے ہیں۔ وہ مرکز سے درخواست کررہے ہیں کہ مغربی بنگال کو دی جانے والی رقومات روک دی۔ انہوں نے کہاکہ وہ دہلی کو خاطر میں نہیں لاتے۔ مغربی بنگال خود مکتفی ریاست ہے۔