حیدرآباد

اپوزیشن جماعتوں کو ایک پلاٹ فارم پر لانے کے سی آر کی پہل

کے سی آر نے چیف منسٹر ممتا بنرجی، اروند کجریوال، ٹاملناڈو کے چیف منسٹر اسٹالن، تیجسوی یادو، یو پی اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر اکھلیش یادو، این سی پی سربراہ شردپوار اور دیگر اپوزیشن جماعتوں کے قائدین سے بات چیت کی۔

حیدرآباد: حکمراں جماعت ٹی آر ایس کے سربراہ و چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ، مرکز کی بی جے پی حکومت کے خلاف متحدہ جدوجہد کرنے اور سیکولر ازم، وفاقیت اور ملک کے جمہوری اقدار کے تحفظ کیلئے اپوزیشن جماعتوں کو ایک پلاٹ فارم پر لانے میں پہل کی ہے۔

 پارلیمنٹ کے مانسون سیشن جس کا آغاز18جولائی سے ہوگا، سے قبل کے چندر شیکھر راؤ نے جمعہ کے روز مغربی بنگال کی چیف منسٹر ممتا بنرجی، دہلی کے چیف منسٹر اروند کجریوال، ٹاملناڈو کے چیف منسٹر اسٹالن، بہار کے اپوزیشن لیڈر تیجسوی یادو، یو پی اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر اکھلیش یادو، این سی پی سربراہ شردپوار اور دیگر اپوزیشن جماعتوں کے قائدین سے بات چیت کی۔

 چیف منسٹر کے سی آر نے فون پر مختلف ریاستوں کے اپوزیشن قائدین سے بات چیت کی۔ وہ نہ صرف مختلف ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ بلکہ قومی جماعتوں کے لیڈرس سے بھی مسلسل تبادلہ خیال کررہے ہیں ان کی یہ پہل، مرکز کی بی جے پی حکومت کے خلاف جمہوری جدوجہد کا حصہ ہے۔

بتایا جاتا ہے کہ مختلف چیف منسٹرس اور اپوزیشن جماعتوں کے قائدین نے کے سی آر کی تجویز پر مثبت ردعمل کا اظہار کیا۔ ملک میں جمہوری اقدار کے تحفظ کیلئے کے چندر شیکھر راو تمام اپوزیشن جماعتوں کے قائدین کے ساتھ، مسلسل بات چیت کررہے ہیں۔

چیف منسٹر کا احساس ہے کہ بی جے پی کی غیر جمہوری پالیسیوں ملک و پارلیمنٹ کو بچانے کی جدوجہد کیلئے یہ مناسب وقت ہے۔پی ٹی آئی کے مطابق بی جے پی کی مرکزی حکومت کی مخالف عوام پالیسیوں کے خلاف لڑائی کے لئے کے سی آر نے اپوزیشن قائدین سے مشاورت کے عمل کو تیز کردیا ہے۔

کے سی آر نے 10 جولائی کو ایک پریس کانفرنس میں نریندر مودی کو ایک کمزور اور صلاحیتوں سے عاری وزیر اعظم قرار دیا تھا۔ اور یہ کہا تھا کہ غیر بی جے پی کی ڈبل انجن حکومتیں ضروری ہیں۔