سوشیل میڈیاکرناٹک

کرناٹک اسمبلی میں ساورکر کا پورٹریٹ لگادیا گیا

کرناٹک اسمبلی میں ساورکر کی تصویر لگانے پر گھمسان شروع ہوگیا ہے۔ اپوزیشن حکومت کے اس فیصلہ کے خلاف اسمبلی کے باہر دھرنے پر بیٹھ گئی۔

بنگلورو: کرناٹک اسمبلی میں ساورکر کی تصویر لگانے پر گھمسان شروع ہوگیا ہے۔ اپوزیشن حکومت کے اس فیصلہ کے خلاف اسمبلی کے باہر دھرنے پر بیٹھ گئی۔

وہیں تمام تنازعہ کے درمیان بی جے پی حکومت نے سوورنا ودھان سودھا کے ہال میں ”مجاہد آزادی“ ساورکر کی تصویر کی نقاب کشائی کی۔ اپوزیشن کانگریس احتجاج اور نعرے بازی کرتی رہی۔

اسمبلی حال میں لگائے گئے سات مجاہد ین آزادی کی تصاویر میں ساورکر کی تصویر بھی شامل ہے۔ تقریب نقاب کشائی‘ کانگریس قائدین اور ارکان اسمبلی کی غیرموجودگی میں ہوئی۔

سیاسی ہنگامہ کے درمیان مرکزی وزیر پرہلادجوشی نے کانگریس قائد سدارامیا کو نشانہ بناتے ہوئے سوال کیا کہ انہیں یہ بتانا چاہیے کہ اگر اسمبلی میں ساورکر کی تصویر نہیں لگائیں تو کیا داؤد ابراھیم کی تصویر لگائیں؟ تصویر کی نقاب کشائی کے وقت کرناٹک کے چیف منسٹر بسواراج بومئی، اسمبلی کے اسپیکر وشویشور ہیگڈے کاگیری، وزیر قانون جے مدھوسوامی اور وزیر آبی وسائل گووند کارجول اور دیگر موجود تھے۔

ذرائع کے مطابق نقاب کشائی تقریب کے دوران کسی بھی طرح کے ناخوشگوار واقعہ سے بچنے کے لیے اسمبلی کے چاروں دروازے بند کردیے گئے تھے۔ بی جے پی ایم ایل سی این روی کمار نے کانگریس کی مخالفت پر اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ تحریک آزادی‘ صرف کانگریس قائدین اور نہرو نے ہی نہیں چلائی تھی۔

ویر ساورکر نے ملک میں انقلابیوں کی ایک پوری نسل کو تحریک دی۔ روی کمار نے سوال کیا اسمبلی، پارلیمنٹ اور عام مقامات پر ان کی تصویر نہیں لگائی جائے گی تو کہاں لگائیں گے؟ ادھر کانگریس نے دھمکی دی کہ اگر ساورکر کی تصویر لگائی جاتی ہے تو وہ اسمبلی میں میسور کے حکمراں ٹیپو سلطان کی تصویر لگوائیں گے۔

روی کمار نے کہا کہ ٹیپوسلطان ایک کٹر، منادرکو تباہ کرنے والا تھا۔ اس نے کنڑ کو فارسی زبان سے بدلنے کی کوشش کی۔ اس نے کیمپے گوڑا (بنگلورو کے بانی) اور کوویمپو(مشہور ادیب) کے اصولوں کے خلاف کام کیا۔ ودھان سودھا کو چھوڑدیں ہم ٹیپو کی تصویر کہیں بھی نہیں لگنے دیں گے۔

بی جے پی رکن اسمبلی باسن گوڑا پاٹل یتنال نے کہا کہ کانگریس قائدین بھول گئے ہیں کہ اندرا گاندھی نے ویر ساورکر کا ڈاک ٹکٹ جاری کیا تھا اور اب مخالفت کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم ٹیپو سلطان کی تصویر سامنے نہیں آنے دیں گے۔ وہ کٹر تھے۔“

کانگریس کے ریاستی صدر ڈی کے شیوکمار کے بیان پر کہ ساورکر اور کرناٹک کے درمیان کوئی تعلق نہیں ہے، بی جے پی رکن اسمبلی کے ایس ایشورپا نے راہول گاندھی، سونیا گاندھی اور کرناٹک کے بیچ تعلق پر سوال اٹھایا۔

ایشورپا نے کہا کہ شیوکمار صرف تہاڑجیل اور بنگلورو سنٹرل جیل کے بارے میں جانتے ہیں۔ انہیں سیلولر جیل اور انڈمان میں مجاہدین آزادی کو دی جانے والی ظالمانہ سزا کے بارے میں مطالعہ کرنے کی ضرورت ہے۔