مسنون نکاح تحریک کا آغاز، منبر ومحراب فاؤنڈیشن کا اقدام
مولانا غیاث احمد رشادی صدر مسنون نکاح تحریک آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ نے پریس کانفرنس کے موقع پر بتایا کہ ملت کے ہونہار دانشور اور مالدار افراد اپنے لڑکوں اور لڑکیوں کے نکاح سادگی کے ساتھ انجام دیں۔

حیدرآباد: مولانا غیاث احمد رشادی صدر مسنون نکاح تحریک آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ نے پریس کانفرنس کے موقع پر بتایا کہ ملت کے ہونہار دانشور اور مالدار افراد اپنے لڑکوں اور لڑکیوں کے نکاح سادگی کے ساتھ انجام دیں اور فضول حرچی‘ اسراف اور نام ونمود وریاکاری اور سستی شہرت کیلئے رسول رحمتؐ کی تعلیمات کو فراموش نہ کریں۔
عقلمند وہ نہیں ہے جومحنت سے کمائی ہوئی دولت کو بے دریغ خرچ کرے بلکہ عقلمندتاجروہ ہے جو محنت سے کمائی ہوئی دولت کوکفایت شعاری کے ساتھ خرچ کرے۔ آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کی مثالی تحریک‘ مسنون نکاح تحریک نوجوان اور متحرک علماء کی قیادت اور مولانا خالد سیف اللہ رحمانی کی سرپرستی اور مولانا شاہ جمال الرحمن مفتاحی صاحب کی نگرانی میں یہ تحریک شروع کی ہے۔
مسنون نکاح تحریک اور منبرومحراب فاؤنڈیشن کے بیانرتلے حیدرآباد کے علاوہ تلنگانہ میں مساجد اور شادی خانوں میں انجام دیئے جانے والے نکاح اور ولیمہ کی تقاریب کے موقع پر مسنون نکاح تحریک کے والینٹرس پلے کارڈس کے ذریعہ شعواری مہم چلائیں گے۔
ان پلے کارڈس پرمہرمعجل‘ خوشگوار ازدواجی زندگی‘میاں بیوی کے آپسی حقوق‘ شادی کو سادگی کے ساتھ انجام دینے والے جملے درج ہیں۔
مولانارفیع الدین رشادی جنرل سکریٹری‘مولانا سید احمد ومیض ندوی ترجمان مسنون نکاح تحریک نے پریس کانفرنس کو مخاطب کیا اورعوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے لڑکوں اورلڑکیوں کے نکاح کومسنون طریقہ سے انجام دے کر آسان بنائیں اور ملت کی معصوم غریب لڑکیوں پر جوظالمانہ بوجھ رکھا جارہاہے اس کوہٹانے کی کوشش کریں۔
مسنون نکاح تحریک کے زیر انتظام لڑکوں اور لڑکیوں کے رشتوں کے سلسلہ میں رہنمائی کاکام بھی مستقبل قریب میں ہوگا جس کیلئے حیدرآباد کے چارزون میں چارسنٹرس قائم کئے جائیں گے تاکہ رشتوں کے سلسلہ میں پریشان حال ماں باپ کو مناسب رشتے مل سکیں۔نیزخوشگوار ازدواجی زندگی گزارنے کے سلسلہ میں لڑکوں اور لڑکیوں کیلئے ایک ماہی کورس بھی آف لائن اورآن لائن منعقد ہوگاجس کیلئے پریزنٹیشن تیار کیاگیاہے۔