مشرق وسطیٰ

نماز استسقاء کے بعدمکہ‘ مدینہ اور دیگر شہروں میں موسلا دھار بارش

مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ اور دیگر شہروں میں نماز استسقاء کے بعد ابر رحمت برس پڑا۔سعودی میڈیا کے مطابق مکہ مکرمہ‘ مدینہ منورہ سمیت دیگر شہروں میں موسلا دھاربارش ہوئی۔

مکہ مکرمہ /مدینہ منورہ / جدہ: مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ اور دیگر شہروں میں نماز استسقاء کے بعد ابر رحمت برس پڑا۔سعودی میڈیا کے مطابق مکہ مکرمہ‘ مدینہ منورہ سمیت دیگر شہروں میں موسلا دھاربارش ہوئی۔

مکہ مکرمہ میں بارش کا سلسلہ جاری ہے اور ہزاروں افراد بارش کے دوران خانہ کعبہ کا طواف اور صفا اور مروہ کی سعی کرتے رہے۔

زائرین کو بارش کے دوران مسائل سے بچانے کے لیے خانہ کعبہ کے اطراف خصوصی ٹیموں کو مامور کیا گیا ہے۔ جو مسلسل بارش کا پانی صاف کررہے ہیں۔پانی جمع ہونے کے باعث مکہ۔ جدہ ہائی وے کو عارضی طور پر بند کردیا گیا۔

جدہ میں طوفانی بارش کے بعد تعلیمی ادارے بند کردئیے گئے ہیں اور متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔سعودی وزارت حج و عمرہ کی جانب سے جاری ایڈوائزری میں زائرین اورعام لوگوں سے کہا گیا ہے کہ جدہ ائیرپورٹ پر آنے سے قبل متعلقہ ائیرلائن سے فلائٹ کا اسٹیٹس معلوم کریں۔

شدید بارش کی وجہ سے پروازوں کا شیڈول متاثر ہوا ہے اور متعدد پروازیں منسوخ کی گئیں یا روانگی اور آمد میں تاخیر ہوئی۔کچھ روز قبل خادم حرمین شریفین کی ہدایت پر سعودی عرب میں بارش کے لیے نماز استسقا ادا کی گئی تھی۔

علحدہ موصولہ اطلاع کے بموجب سعودی عرب کے محکمہ شہری دفاع مکہ مکرمہ اور اطراف کے علاقوں میں جمعے تک وقفہ وقفہ سے بارش کی پیش قیاسی کی گئی ہے۔مقامی انتظامیہ نے مقامی اور غیر مقامی شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ بارش سے بچاؤ کے لیے تمام احتیاطی تدابیر کا خیال رکھیں۔