حیدرآباد

ٹریفک پولیس نے لاڈبازار کا راستہ مسدود کردیا، 80 فیصد کاروبار متاثر

ٹریفک پولیس کی جانب سے چارمینار تا لاڈبازار سڑک پر سمنٹ کے بڑے بلاکس ڈال کر راستہ روک دیا جس کی وجہ سے عوام بالخصوص پیدل راہگیروں کو لاڈ بازار آنے میں سخت مشکلات پیش آرہی ہیں۔

حیدر آباد: ٹریفک پولیس کی جانب سے چارمینار تا لاڈبازار سڑک پر سمنٹ کے بڑے بلاکس ڈال کر راستہ روک دیا جس کی وجہ سے عوام بالخصوص پیدل راہگیروں کو لاڈ بازار آنے میں سخت مشکلات پیش آرہی ہیں۔

لاڈ بازار کے تاجرین کا کہنا ہے کہ ٹریفک پولیس کی جانب سے سڑک بند کردینے سے ان کا کاروبار سخت متاثر ہورہا ہے کیونکہ گاہکوں کو لاڈ بازار آنے کا راستہ نہیں ہے۔ سمنٹ کے بلاکس کے ذریعہ رکاوٹیں کھڑی کرنے سے ایک شخص بڑی مشکل سے اندر داخل ہوسکتا ہے۔

بیرونی سیاح جو چارمینار اور تاریخی عمارتوں کا مشاہدہ کرنے آتے ہیں، وہ لاڈ بازار سے خواتین کے آرائش، ملبوسات اور چوڑیاں و دیگر اشیاء خرید کر بطور حیدرآباد کی نشانی ساتھ لے جاتے ہیں لیکن جب سے پیدسٹرین پراجکٹ کا کام شروع ہوا ہے، لاڈ بازار کے راستے پر رکاوٹیں کھڑی کردی گئی ہیں۔ 5 سال سے زائد عرصہ ہوچکا ہے، آج تک پیڈسٹرین پراجکٹ کا کام مکمل نہیں کیا گیا۔

چوک سے لاڈ بازار آنے کے راستہ پر بھی رکاوٹیں کھڑی کی گئی ہیں، اس کے باوجود موٹر سیکلیں، آٹو رکشا، جلو خانہ سے لاڈ بازار میں داخل ہوتے ہیں۔ جس کی وجہ سے دن بھر ٹریفک جام رہتی ہے۔ پیدل گاہکوں کو چلنے کے لئے راستہ نہیں رہتا جس کے نتیجہ میں لاڈ بازار کا کاروبار شدید متاثر ہورہا ہے۔

بینگلس دکان کے مالک محمد شریف نے بتایا کہ پیڈسیٹرین پراجکٹ کی عدم تکمیل سے لاڈ بازار کا تقریباً 80 فیصد کاروبار متاثر ہورہا ہے۔ جی ایچ ایم سی کی جانب سے ہر سال پیڈسیٹرین پراجکٹ کا کام شروع کیا جاتا ہے۔ چند دن بعد تعمیری کام کو نامکمل چھوڑ کر چلے جاتے ہیں۔

آج تک اس پراجکٹ کا کام مکمل نہیں کیا گیا۔ چارمینار کی جانب سے گاہکوں بالخصوص سیاحوں کو لاڈ بازار میں داخل ہونے کے لئے سخت مشکلات پیش آرہی ہیں۔ اب جب کہ ٹریفک پولیس کی جانب سے سمنٹ کے بڑے بلاکس لگا کر رکاوٹیں کھڑی کردی گئیں ہیں، عوام بالخصوص خواتین کو لاڈ بازار میں داخل ہونا مشکل ہوگیا۔

عوامی نمائندوں کو لاڈ بازار آنے والے گاہکوں اور یہاں کے کاروبار کی کوئی فکر نہیں ہے۔ اگر عوامی نمائندے دلچسپی لیں تو چارمینار پیڈسیٹرین کا کام جلد مکمل ہوسکتا ہے اور لاڈ بازار کا کاروبار سابق کی طرح بحال ہوسکتا ہے۔