ٹیکساس کے ہندو مندر سے ڈونیشن باکس کا سرقہ
امریکی ریاست ٹیکساس کے ہندو مندر سے ڈونیشن باکس (چندہ کا ڈبہ) کی چوری سے ہندوستانی برادری سکتہ میں ہے۔ برازوس کاؤنٹی کے شیریف کے دفتر نے کہا کہ تحقیقات جاری ہیں۔

نیویارک: امریکی ریاست ٹیکساس کے ہندو مندر سے ڈونیشن باکس (چندہ کا ڈبہ) کی چوری سے ہندوستانی برادری سکتہ میں ہے۔ برازوس کاؤنٹی کے شیریف کے دفتر نے کہا کہ تحقیقات جاری ہیں۔
اومکار ناتھ مندر برازوس ویالی‘ ٹیکساس میں 11جنوری کو نقب زنی ہوئی۔ نقب زن بازو کی دیوار سے مندر کے اندر داخل ہوئے۔ اومکار ناتھ مندر کے بورڈ ممبر سرینواس سنکری نے بتایا کہ ڈونیشن باکس اور سیف (تجوری) غائب ہے جس میں ہم قیمتی اشیا رکھا کرتے تھے۔
سیکوریٹی کیمروں میں قید منظر میں ایک شخص کو سیدھے ڈونیشن باکس کی طرف جاتے دیکھا جاسکتا ہے۔ اس نے ڈونیشن باکس کو باہر لے جانے کے لئے مندر کی کارٹ (بنڈی) کا استعمال کیا۔ پجاری اور اس کا کنبہ جو مندر کے پیچھے اپارٹمنٹ میں رہتا ہے‘ محفوظ ہیں۔
ہندو ایڈوکیسی گروپ ہندو پیکٹ نے ایف بی آئی سے واقعہ کی مکمل تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ چند دن قبل آسٹریلیا کے 2 مندروں کی دیواروں پر 12 اور 17جنوری کو مبینہ خالصتان نوازوں نے مخالف ہند نعرے لکھے تھے۔
ہندوستان اس معاملہ کو آسٹریلیا کی حکومت سے اٹھاچکا ہے۔ گزشتہ برس کوئنس‘ نیویارک کے تلسی مندر اور مندر کے باہر نصب مہاتما گاندھی کے مجسمہ کو نقصان پہنچایا گیا تھا۔