تلنگانہ
کار تالاب میں بہہ گئی، نانی اور نواسہ کی موت
پولیس نے کار سے دو افراد کو بچانے میں کامیابی حاصل کی تاہم 50سالہ بی گنگا اور ان کے پوتے دو سالہ کٹو کی موت ہوگئی۔ پولیس نے خاتون کے بیٹے نریش اور کارڈرائیور محمد رضوان کو بچانے میں کامیابی حاصل کرلی۔
حیدرآباد: تلنگانہ کے راجنا سرسلہ ضلع کے ویمل واڑہ رورل منڈل میں کارکے تالاب میں بہہ جانے کے نتیجہ میں نانی اور نواسہ کی موت ہوگئی۔ یہ واقعہ اتوار کی صبح پیش آیا۔ پولیس کے مطابق یہ افراد جگتیال ضلع سے حیدرآباد کی سمت جارہے تھے کہ مقامی تالاب میں پانی کے بہاو میں اضافہ ہوگیا اور یہ کار تالاب میں بہہ گئی۔
یہ کار کچھ دور تک بہنے کے بعد جھاڑیوں میں پھنس کر رک گئی۔پولیس نے کار سے دو افراد کو بچانے میں کامیابی حاصل کی تاہم 50سالہ بی گنگا اور ان کے پوتے دو سالہ کٹو کی موت ہوگئی۔
پولیس نے خاتون کے بیٹے نریش اور کارڈرائیور محمد رضوان کو بچانے میں کامیابی حاصل کرلی۔ان کی شناخت جگتیال رورل منڈل کے چیلگل کے رہنے والوں کے طورپرکی گئی ہے۔اس واقعہ کی اطلاع کے ساتھ ہی پولیس نے معاملہ درج کرکے جانچ شروع کردی۔ نعشوں کو پوسٹ مارٹم کے لئے اسپتال بھیج دیاگیا۔