کھیل

ہندوستانی کھلاڑی آئی پی ایل کو زیادہ توجہ نہیں دیتے: گنگولی

واضح رہے کہ مسلسل ایسے سوال اٹھ رہے ہیں کہ فرنچائزی کرکٹ کی بڑھتی تعداد کے درمیان کرکٹرس اپنے ملک کیلئے کھیلنے کو دستیاب نہیں ہیں۔

نئی دہلی: دنیا بھر میں نجی کرکٹ لیگز کی مقبولیت اور دولت کی ریل پیل نے کرکٹرز کی سوچ کو تبدیل کرکے رکھ دیاہے اور حالیہ چند برسوں میں ہمارے سامنے کئی ایسے واقعات سامنے آئے ہیں جب دنیا کے مختلف ممالک کے معروف کرکٹرز نے نجی لیگز کو ملکی کرکٹ پر ترجیح دیتے ہوئے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے سے بھی گریز نہیں کیا، حتیٰ کہ فرنچائز بالخصوص آئی پی ایل کرکٹ آئی سی سی کے سالانہ کلینڈر پر بھی اثر انداز ہونے لگی ہے۔

اسی حوالے سے ہندوستان کے سابق کپتان اور بی سی سی آئی کے چیف سورو گنگولی نے بھی ہندوستانی کرکٹرز کی ترجیحات بتادی ہیں۔ گنگولی کا کہنا ہے کہ ہندوستانی کھلاڑی آئی پی ایل یا پھر دیگر فرنچائز کرکٹ کو زیادہ توجہ نہیں دیتے ہیں اور میں یہ بات پورے یقین کے ساتھ کہہ سکتا ہوں کہ ہندوستانی کھلاڑی فرنچائز کے بجائے ملک کیلئے کھیلنے کو پسند کرتے اور اسے ہی ترجیح دیتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ ملک کیلئے کھیلنا کسی بھی کھلاڑی کیلئے بہت بڑی بات ہوتی ہے تو اگر کوئی کھلاڑی اپنے ملک کی نمائندگی کررہا ہے تو مجھے نہیں لگتاکہ وہ فرنچائز کرکٹ کو زیادہ توجہ یا ترجیح دے گا۔

واضح رہے کہ مسلسل ایسے سوال اٹھ رہے ہیں کہ فرنچائزی کرکٹ کی بڑھتی تعداد کے درمیان کرکٹرس اپنے ملک کیلئے کھیلنے کو دستیاب نہیں ہیں۔ کئی بار ایسا دیکھا گیاہے کہ کچھ ممالک کے کرکٹرس آئی پی ایل میچ کی وجہ سے اپنے ملک کے بین الاقوامی ٹورنامنٹس میں شرکت نہیں کرپاتے ہیں۔