طنز و مزاحمضامین

ابھی تو میں جوان ہوں

مظہرقادری

پتہ نہیں قدرت کا یہ کیانظام ہے کہ مرداپنی عمر کے حساب سے بچہ،جوان اوربوڑھاہوتاہے لیکن عورت بچپن میں بھی جوان رہتی، جوانی میں بھی جوان رہتی اوربڑھاپے میں بھی جوان رہتی۔ بچپن ہی سے اوڑھنی کو ساڑھی کی طرح لپیٹ کر چھڑی ہاتھ میں پکڑکربچوں کو پڑھائے جیسی ٹیچر کی ایکٹنگ کرتی یاپھر بچپن ہی میں بناؤ سنگا رکرکے ہمیشہ ایک جوان اورخوبصورت عورت نظر آنے کی کوشش کرتی ہے، لیکن مردکبھی بچپن کو جوانی میں یابڑھاپے کو جوانی میں بدل ہی نہیں سکتا، اس کے لیے قدرت بھی عموماً اس کا ساتھ نہیں دیتی۔ مردکو بیماریاں کم ہوتی ہیں مگرجلدمرجاتااورعورت ہمیشہ کسی نہ کسی بیماری میں مبتلارہتی مگرزندہ اورجوان نظر آتی۔کسی بھی عورت سے آپ اس کی عمر پوچھ لو،وہ ہمیشہ غلط عمرہی بتلاتی ہے۔ ایک بارایک 80سالہ خاتون کی سرجری تھی۔ ڈاکٹرنے ان کی عمر پوچھی، وہ عورت بولی چالیس سال توڈاکٹر بولا آپ بالکل صحیح عمر بتائیے کیوں کہ میں آپریشن سے پہلے جو بیہوشی کا انجکشن دے رہاہوں،اس کی مقدارعمر کے ساتھ کم زیادہ کرنی پڑتی ہے تووہ عورت کچھ سوچ کر بولی ٹھیک ہے پینتالیس سال لکھ دیجئے توڈاکٹر نے پھرپوچھاکہ اگرآپ صحیح عمر نہیں بتلائیں گے توآپ کی جان کو خطرہ ہوسکتاہے تووہ عورت بولی ٹھیک ہے آپ پچاس سال عمرلکھ دیجئے توڈاکٹر مطمئن نہیں ہوا، پھروارننگ دینے کے اندازمیں بولاکہ اگرآپ بالکل صحیح عمر نہیں بتلائیں گی تومیں آپ کی زندگی کی ضمانت نہیں دے سکتا تووہ عورت جھنجھلاکر بولی اب چاہے جیوں یامروں آپ میراآپریشن کردیجئے میں اپنی عمر میں اب پچاس سال سے ایک سال بھی بڑھ کے نہیں بولتی۔۔۔
عورت جب محفل میں ہوتی ہے توبڑھاپے میں بھی جوان رہتی ہے اورجب تنہائی میں رہتی ہے توجوانی میں بھی بوڑھی رہتی ہے۔ بقول ببن خان ادرک کے پنجے کے جوتاپرانا ہوا تو ہی زیادہ پالش کی ضرورت ہوتی، نئے جو تے کو پالش نہیں کرے توبھی چلتا۔ اس لیے عورت ہمیشہ جوان دکھنے کے لیے بنی سنوری رہتی۔ عورتوں کی لمبی عمر کا ایک راز یہ رہتاکہ غلطی سے کوئی ماربھی لگ گیاتواس کا اثر میک اپ کی چڑھی ہوئی دوانچ کی تہہ کے نیچے تک نہیں پہنچ سکتا۔علاوہ اس کے مردوں کی بہ نسبت عورتوں کی طویل عمری کا راز یہ بھی رہتاکہ ملک الموت مردکی جوتصویر روح قبض کرنے کے لیے لے کر آتا مرداُسے اسی حالت میں مل جاتا، اسے ڈھونڈنے کی ضرورت نہیں پڑتی اورفوری روح قبض کرلیتا بہ نسبت اس کے عورتوں کی جوتصویر روح قبض کرنے کے لیے لاتا ہر روز نئے نئے طریقہ کے میک اپ کرنے کی وجہ سے ملک الموت کافی عرصہ تک اپنے ٹارگٹ کی شناخت نہیں کرسکتا، اس لیے عورتیں کافی عرصہ تک میک اپ کی وجہ سے موت سے بچتے رہتیں۔
ایک بار ایک عورت اپنی ننھی منی بچی کو گودمیں لے کر ہنستے کھیلتے باتیں کرتے ہوئے جارہی تھی کہ اچانک تیز بارش شروع ہوگئی رکنے کے لیے کہیں سائبان نہیں ملا اوربارش سے بھیگ کر شرابورہوگئی اچانک بچی کی نظر ماں کے چہرے پر پڑی اوربچی چیخ چیخ کر رونے لگی ممی کہاں ہے ممی کہاں ہے میں ممی کے پاس جاتیوں۔۔۔۔۔
ایک ٹرین کے کمپارٹمنٹ میں نیچے کی برتھ پر تین عورتیں بیٹھی ہوئی تھیں، جن کی عمر یں علی الترتیب پچاس سال، چالیس سال اور تیس سال تھیں اوراسی بوگی میں اوپر کی برتھ پر ایک بیس سالہ نوجوان بیٹھا ان کی باتیں سن رہاتھا توپہلے 50سالہ عورت بولی اب کے اماوس جاکے پونم آیا تومیں تیس سال کی ہوجاتیوں تودوسری چالیس سالہ عورت بولی میری بھی پرسوں 20ویں سا لگرہ گھروالے منائے توتیسری 30سالہ عورت بولی گھر میں سب پیچھے پڑگئے کہ اب توسولہ سال کی ہوگئی جلد ازجلد تیری شادی کردیں گے، یہ باتیں سن کر اوپر کی برتھ پر بیٹھا ہو انوجوان دھڑام سے نیچے گرگیا توتینوں عورتیں گھبراکے بولیں تم کہاں سے آئے تووہ بولا میں ابھی پیداہواہوں۔
عورت جب میک اپ کرتی تواس نفاست سے کرتی کہ چہرے کے سارے پہاڑاورغارجیسے کوئی ماہر مستری سمنٹ کی پلاسٹرنگ کرکے سطح کوچمکادیتاویساکرتی،لیکن اگروہی کوشش کوئی ایک آدھ مرد کرلے تو چہرے کے گڑھوں میں پاؤڈرجمع ہوجاتااورباقی سارے عیب کو اورنمایاں کردیتا۔
میں نے ایک اداکارہ سے کہا کہ میں بچپن میں آپ کے ڈرامے بہت شوق سے دیکھتا تھا، پوچھی آپ کی عمر کیا ہے میں بولا تقریباً پچاس سال توفوری مکرگئی اوربولی آپ شاید میری والدہ کے ڈرامے دیکھتے تھے ہوں گے۔وہ بھی اداکارہ تھیں حالانکہ۔۔۔
عورتیں ہمیشہ اس غلط فہمی کا شکار رہتی ہیں کہ وہ جوان نظرآرہی ہیں یاخودکو دھوکہ دیتی رہتی ہیں کہ ابھی تومیں جوان ہو ں حالانکہ بقول شاعر۔
منہ پو میک اپ تھوپ کو جاتی عمر کے پیچھے مت بھاگو
گئی سو جوانی پھر نئیں آتی نئی بولے توسنتے نئیں
سنگ کٹا کو بچھڑوں میں تم کیوں مل ریں خوا مخواہ
لوگاں دیکھ کو ہنستے جاریں نئی بولے تو سنتے نئیں
چربی چھٹ کو دبلے دکھنے ہفتے سے ڈائٹ پو ہیں
چلتے پھرتے ڈھکلیاں کھاریں نئی بولے تو سنتے نئیں
٭٭٭