حیدرآباد

اردو اکیڈیمی کا اعلان: تلنگانہ کے اردو مصنفین کی تخلیقات پر جزوی مالی اعانت

تلنگانہ ریاستی اردواکیڈیمی کی جانب سے ریاست کے اردومصنفین ’ادبا‘ صحافیوں اور قلم کاروں کی سال 2021 کی اردو تخلیقات کی اشاعت کے لئے جزوی مالی اعانت کی جارہی ہے۔

حیدرآباد: تلنگانہ ریاستی اردواکیڈیمی کی جانب سے ریاست کے اردومصنفین ’ادبا‘ صحافیوں اور قلم کاروں کی سال 2021 کی اردو تخلیقات کی اشاعت کے لئے جزوی مالی اعانت کی جارہی ہے۔

محمدخواجہ مجیب الدین صدر نشین تلنگانہ ریاستی اردواکیڈیمی نے اپنے بیان میں تلنگانہ کے اردوقلم کاروں سے خواہش کی ہے کہ وہ اپنی تخلیقات کے مسودات 14دسمبر تک صدر دفتر تلنگانہ ریاستی اردو اکیڈیمی حج ہاوز چوتھی منزل نامپلی میں داخل کردیں۔

انہوں نے اس اسکیم کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہاہے کہ مسودہ بعدطباعت 1/8ڈیمائی سائز کے 96صفحات پراور1/16 کراؤن سائز کے 112صفحات پر مشتمل ہوناچاہئے۔ اگر کوئی کتاب مرتب کی گئی ہوتواس کا مقدمہ کم ازکم 20 صفحات پر مشتمل ہو۔ مخطوطات پر تدوین کی صورت میں 30صفحات پر مشتمل سیرحاصل تبصرہ بھی اس میں شامل ہوناچاہئے۔

بتایا گیا کہ مالی اعانت کے لئے درخواست گزاراپنی درخواست کے ساتھ اردو اکیڈیمی کاجاری کردہ پروفارماپرکرکے اس کے ساتھ آدھار کارڈ کی کاپی‘بینک پاس بک یا چیک کی زیراکس کاپی اورایک عددپاسپورٹ سائز فوٹو بھی لازمی طورپر داخل کریں۔

اعلامیہ میں بتایا گیاہے کہ ادیب /شاعر/مرتب کے مسودہ کی نقل (زیراکس) خوش خط یا ڈی ٹی پی کی کاپی داخل کریں۔محمدخواجہ مجیب الدین نے بتایا کہ درخواست میں کتاب کا جوعنوان اورموضوع درج کیاگیاہے وہی تفصیلات کتاب پر بھی درج ہونی چاہیئے۔

موضوع اور عنوان میں تبدیلی قابل قبول نہیں ہوگی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ درخواست گزارمسودہ کی زیراکس کاپی داخل کریں۔ داخل کردہ مسودہ واپس نہیں کیاجائے گا۔