حیدرآباد

رمضان کے پیش نظر تاریخی مکہ مسجد میں وسیع تر انتظامات کی تیاریاں

ماہِ رمضان کی آمد کے پیش نظر شہر میں مساجد کی آہک پاشی‘ رنگ وروغن اور صفائی‘ کے کاموں کا آغاز ہوچکا ہے۔

حیدرآباد: ماہِ رمضان کی آمد کے پیش نظر شہر میں مساجد کی آہک پاشی‘ رنگ وروغن اور صفائی‘ کے کاموں کا آغاز ہوچکا ہے۔

تاریخی مکہ مسجد میں محکمہ اقلیتی بہبود کی جانب سے ماہِ رمضان کے لئے صاف صفائی آہک پاشی کے وسیع تر اقدامات کئے جارہے ہیں۔ سپرنٹنڈنٹ عبدالقدیر صدیقی نے بتایا کہ اس مرتبہ مکہ مسجد کے فرش‘ دیواروں اور میناروں کی صفائی کے لئے 4 ویکیوم کلینرس خریدے گئے ہیں جس کے ذریعہ صفائی کے کام میں آسانی پیدا ہوگی۔

مسجد کے دونوں بڑے گنبدوں کی گراؤٹنگ اور پائینٹنگ کا کام بھی جاری ہے۔ وضو کے لئے مسجد کے حوض اور سمپ کی صفائی کا کام مکمل ہوچکا ہے۔ رکن پارلیمنٹ اسد الدین اویسی کی نمائندگی پر مسجد کے صحن میں ہر سال کی طرح اس سال بھی وسیع تر ٹین شیڈ نصب کرنے کا کام دو‘ تین روز میں شروع ہوجائے گا۔

نماز کی ادائیگی کے لئے بہت جلد جائے نمازیں بھی پہنچ جائیں گی۔ پینے کے پانی اور بلاوقفہ برقی کی سربراہی کے انتظامات بھی تیزی کے ساتھ جاری ہیں۔ کمشنر وڈائرکٹر مائناریٹی کمشنریٹ شفیع اللہ نے دو‘ تین مرتبہ مسجد کا دورہ کرتے ہوئے تیاریوں کا جائزہ لیا۔ توقع ہے کہ چاند رات سے قبل تمام تیاریاں مکمل کرلی جائیں گے۔