سوشیل میڈیاشمالی بھارت

مدھیہ پردیش میں گربا غیر ہندوؤں کیلئے نہیں

ایک ہندو مذہبی رہنما نے اعلان کیا ہے کہ لوجہاد کی کوششوں کو ناکام کرنے اس کی تنظیم کے کارکن یہ یقینی بنائیں گے کہ آنے والے نوراتری فیسٹول کے دوران مدھیہ پردیش میں ان مقامات پر جہاں گربارقص ہوتا ہے، کوئی غیرہندو داخل ہونے نہ پائے۔

اُجین: ایک ہندو مذہبی رہنما نے اعلان کیا ہے کہ لوجہاد کی کوششوں کو ناکام کرنے اس کی تنظیم کے کارکن یہ یقینی بنائیں گے کہ آنے والے نوراتری فیسٹول کے دوران مدھیہ پردیش میں ان مقامات پر جہاں گربارقص ہوتا ہے، کوئی غیرہندو داخل ہونے نہ پائے۔

دُرگا پوجا کی نوروزہ تقاریب کے دوران جن کا آغاز26 ستمبر سے ہوگا، روایتی گربارقص کا اہتمام کیاجاتا ہے۔ آواہن اکھاڑہ کے مہامنڈلیشور اتولیش آنند سرسوتی نے میڈیا نمائندوں سے کہا کہ ہماری اکھنڈ ہندو سینا (اے ایچ ایس) کے 10-10کارکن جن میں عورتیں بھی شامل ہوں گی ریاست بھر میں ہر گربا وینیو کی نگرانی کریں گے۔

تین دن قبل مدھیہ پردیش کی وزیرکلچراوشاٹھاکرنے کہا تھا کہ نوراتری تہوار کے دوران ریاست میں ان مقامات پر جہاں گربارقص کا اہتمام کیاجاتا ہے، لوگوں کو شناختی کارڈس کی جانچ کے بعد ہی اندرجانے دیاجائے تاکہ لوجہاد کی روک تھام ہو۔

سرسوتی نے جو اکھنڈہندو سینا کے صدر ہیں کہا کہ ہمارے کارکن تمام مرد حضرات کے شناختی کارڈس کی جانچ کریں گے اور داخلہ کے وقت ان کے ماتھے پر تلک لگائیں گے۔ داخلہ غیرہندوؤں کو نہیں دیاجائے گا۔ اس کے علاوہ گربا رقص پر کڑی نظررکھی جائے گی تاکہ ڈانس کرنے والے کوئی بیہودہ حرکت نہ کریں۔

اگر کوئی ہماری ہندو بہنوں کو چھیڑتاپایاگیا یا ویالڈآئی ڈی کارڈ کے بغیر کوئی اندرداخل ہوا تو اس سے سختی سے نمٹاجائے گا اور اسے پولیس کے حوالے کردیاجائے گا۔ اکھنڈہندوسینا کے ملک بھر میں 2لاکھ 50ہزار کارکن ہیں۔ ان میں 8,500 اجین میں ہیں اور ان میں 1500 عورتیں ہیں۔ ان سبھی کو اسلحہ استعمال کرنے کی تربیت حاصل ہے۔