تلنگانہ

مہاراشٹرا میں بی آ رایس کی توسیع، ایک ماہ طویل پروگرام کا آغاز

تلنگانہ کے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے جمعہ کے روز ریاست مہاراشٹرا کے شہری ادارہ جات اور45000 مواضعات میں اپنی پارٹی بی آر ایس کے نیٹ ورک کی توسیع کیلئے ایک ماہ طویل پروگرام کا آغاز کیا ہے۔

ناندیڑ: تلنگانہ کے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے جمعہ کے روز ریاست مہاراشٹرا کے شہری ادارہ جات اور45000 مواضعات میں اپنی پارٹی بی آر ایس کے نیٹ ورک کی توسیع کیلئے ایک ماہ طویل پروگرام کا آغاز کیا ہے۔

متعلقہ خبریں
باپ اور بیٹے کا جیل جانا یقینی: وینکٹ ریڈی
راج ٹھاکرے کی تصویر پر مہاراشٹر میں نیا تنازعہ
توہین آمیز ریمارکس پر کے سی آر کو نوٹس
قائد اپوزیشن کے سی آر کا دورہ اضلاع، خاتون کے بیٹے کی شادی کیلئے5لاکھ روپے کی امداد دینے کا اعلان
بی آر ایس دور حکومت میں 600فون ٹیاپنگ معاملات کا انکشاف

ناندیڑ میں پارٹی کیڈر کے تربیتی کیمپ سے خطاب کرتے ہوئے راؤ نے کہا کہ ”ہم مہاراشٹرا میں 45000 مواضعات اور شہری ادارہ جات کے 5ہزار وارڈز میں جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہر ایک مقام پر پارٹی ورکرس پر مشتمل 9کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی۔ ان کمیٹیوں میں کسان، نوجوان، خواتین، پسماندہ طبقات، قبائل اور اقلیتیں شامل رہیں گے۔

ریاست میں 22مئی سے 22 جون تک ایک ماہ طویل پروگرام منعقد کیا جارہا ہے اس دوران ہم بی آر ایس کے نیٹ ورک کو بڑے پیمانے پر توسیع دینے کا منصوبہ رکھتے ہیں۔ اس منصوبہ کے ایک حصہ کے طور پر ہر ایک روز5گاؤں کا احاطہ کیا جائے گا۔ ہر ایک گاؤں میں 2گھنٹے قیام کرنا چاہئے۔

انہوں نے پارٹی ورکرس پر زور دیا کہ وہ دلتوں کے ساتھ کھانا کھائیں۔ انہوں نے کہا کہ دیگر جماعتیں مالدار ہیں جبکہ ہماری ایک غریب جماعت ہے۔ کے چندر شیکھر راو نے مزید کہا کہ ہندوستان نئی قیادت کا منتظر ہے۔ پورا ملک، موجودہ لیڈرس سے سخت نالاں ہے۔

آج ہم مہاراشٹرا پر بھر پور توجہ دے رہے ہیں۔ کل آپ کو مدھیہ پردیش کیلئے بھی کام کرنا ہوگا۔ گجرات اور چھتیس گڑھ میں کام کرنے کیلئے تیار رہنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہم کسانوں کی تکالیف ختم کرنا چاہتے ہیں۔ مجھے مکمل یقین ہے کہ بی آر ایس کی قیادت میں کسانوں کی تکالیف کا خاتمہ ہوگا۔ کے سی آر نے کسانوں کو بہبود کیلئے تلنگانہ ماڈل پر اظہار خیال کیا۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ وہ چیف منسٹر بننے سے قبل، ریاست کے کسان مررہے تھے، مگر آج تلنگانہ ماڈل، ملک بھر میں مقبول ہوچکا ہے۔ تلنگانہ کے ہر گھر میں نلوں کے ذریعہ پینے کا پانی سربراہ کیا جارہا ہے۔ تلنگانہ کے چیف منسٹر وبھارت راشٹرا سمیتی کے سربراہ کے چندر شیکھر راؤ نے کہا کہ ممبئی، پونے، اورنگ آباد اور ناگپور میں پارٹی دفاتر قائم کئے جائیں گے اس مقصد کیلئے پارٹی، کثیر رقم خرچ کرے گی۔

نمائندہ منصف کے مطابق بھارت راشٹر سمیتی کے قومی صدر و تلنگانہ کے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے آج سے اپنے دوروزہ ناندیڑ دورہ کا آغاز کیا ہے۔ گیارہ بجے دن وہ حیدرآباد سے ہوائی جہاز کے ذریعے ناندیڑ پہنچے۔یہاں سے ان کا قافلہ ناندیڑ میں بی آر ایس کے سینئر لیڈر شنکر اننا دھونڈگے کے گھر پہنچا۔اسکے بعد وہ دیڑھ بجے دن پارٹی کارکنان کے اجلاس سے خطاب کرنے کیلئے اننتا لانس پہنچے۔

یہاں انہوں نے ریاست کے مختلف مقامات سے سینکڑوں کی تعدادمیں آئے ہوئے پارٹی کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کئی اہم باتیں بتائیں۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس، تلنگانہ سے نکل کر قومی سطح پر اپنا ایک مقام بنانے منصوبہ رکھتی ہے۔مہاراشٹر اسے بی آر ایس پارٹی کی قومی سیاست کا آغازہورہاہے۔مہاراشٹر میں تلنگانہ کے ترقیاتی ماڈل کو لیکر اور”اب کی بار کسان سرکار“ نعرے کے ساتھ عوام کے بیچ جانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پارٹی کو مہاراشٹرا کے کونے کونے میں تک لے جانا ہے ہر گاؤں دیہات میں جاکر لوگوں کو پارٹی کا تعارف کروانا ہے اور انہیں بی آر ایس کے عزائم کے بارے میں معلومات دینا ہے۔کے سی آر نے کہا کہ ہم نے مہاراشٹرا کے لئے باضابطہ ایک سوشل میڈیا کا انچارج بنایا ہے۔

کے سی آر نے اپنی تقریر میں کرناٹک کے انتخابی نتائج کا بھی ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہاں سے بی جے پی کی حکومت چلی گئی کانگریس کی حکومت بننے جارہی ہے لیکن وہاں کے لوگوں کے حالات میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی۔یہ صرف ایک پارٹی کی جیت اور ایک پارٹی کی شکست ہے اسے سے زیادہ کچھ نہیں کیونکہ کانگریس پارٹی کو ملک کے حالات بدلنے کیلئے پچاس سال سے زائد کا وقت ملا تھا لیکن ملک کے حالات نہیں بدلے اسی طرح بی جے پی کو بھی اقتدار میں رہنے کا 16 سال کا وقت ملا ہے لیکن بی جے پی نے بھی کوئی تبدیلی نہیں کی۔

کے سی آر نے بجلی پانی اور کسانوں کے مسائل کا بھی ذکر کیا۔پانی کی قلت کے مسئلہ کے لئے موجودہ حکومت کی ناقص پالیسیوں کو ذمہ دار ٹہرایا۔معمول سے زائد بارش ہونے کے باوجود لوگوں کو پینے کے لئے اور کاشتکاری کے لئے مطلوبہ مقدار میں پانی نہیں مل پارہاہے۔

اگر بارش کے پانی کا صحیح منصوبہ بند ی کے ساتھ استعمال کیا جائے اور اس کے ذخیرہ کیلئے بڑے پروجیکٹ بنانے کی ضرورت ہے۔بی آر ایس پارٹی اقتدار میں آکر لوگوں کو تمام بنیادی سہولیات پہنچانے کی کوشش کرے گی۔اجلاس میں پر شنکر اننا دھونڈگے،یشپال بھنگے،پروین جیٹھیے واڑ،ذاکر چاؤش،ریاض احمد،معین تماننا سمیت دیگر مقامی قائدین شریک تھے۔