تلنگانہ

میدک میں چوری کے الزام میں 3 ایرانی گرفتار

ضلع میدک میں پولیس نے اتوار کے روز ایران کے 3شہریوں کو گرفتار کرلیا ہے ان پر چوری کاالزام ہے۔ان تینوں کے قبضہ سے 95 ہزار روپے‘850 امریکی ڈالر اور 30.50 لاکھ ایرانی ریال کو ضبط کرلیاگیا۔

حیدرآباد: ضلع میدک میں پولیس نے اتوار کے روز ایران کے 3شہریوں کو گرفتار کرلیا ہے ان پر چوری کاالزام ہے۔ان تینوں کے قبضہ سے 95 ہزار روپے‘850 امریکی ڈالر اور 30.50 لاکھ ایرانی ریال کو ضبط کرلیاگیا۔

پولیس نے بتایا کہ ان تینوں میں ایک کا ٹورسٹ ویزاایک ماہ قبل ختم ہوچکا تھا ان ایرانیوں کی شناخت 26سالہ ڈی کریم‘ 54 سالہ ایواجی نادر‘اور35 سالہ بے نیاز بررحمن کی حیثیت سے کی گئی اور یہ تینوں ایران کے صدرمقام تہران کے متوطن بتائے گئے ہیں۔

پولیس نے ان کے قبضہ سے 3 پاسپورٹس‘ ویزاس‘دوڈرائیونگ لائسنس‘ تین موبائل فونس اورایک کارکوضبط کرلیا۔ پولیس نے ان تین مشتبہ افراد کو پیرکے روز میڈیا کے سامنے پیش کیا۔ ضلع ایس پی روہنی پریہ درشنی نے صحافیوں کوبتایا کہ ایران کے یہ تین شہری‘ گزشتہ ماہ ستمبرمیں چیگنٹہ اور رامائم پیٹ میں توجہ ہٹاکر سرقہ کے تین واقعات میں ملوث بتائے گئے ہیں۔

ایس پی نے بتایا کہ یہ تینوں ایرانی کرنسی کوہندوستانی کرنسی کے ساتھ تبدیل کرنے کی پیشکش کررہے تھے۔ ان پر الزام ہے کہ انہوں نے چیگنٹہ اور راما ئم پیٹ میں 3دکانات کے مالکین کی توجہ ہٹاکر 1.15 لاکھ روپے اڑالئے تھے۔

ان دکانات کے مالکین کی شکایت پر رامائم پیٹ پولیس نے اتوار کوایران کے ان تین شہریوں کو گرفتار کرلیا۔ایس پی روہنی پریہ درشنی نے مزید بتایاکہ یہ مشتبہ افرادنے ایک ماہ قبل شہر حیدرآباد کی ایک ہوٹل میں قیام تھا۔انہوں نے کہاکہ سفارت خانہ سے ان تینوں کے بارے میں مزید معلومات حاصل کی جارہی ہیں۔