حیدرآباد

ٹی آر ایس و بی جے پی کو شکست کا خوف‘ امیدواروں کے اعلان سے گریز

ریونت ریڈی نے منگوڈ میں انتخابی مہم کے لئے منڈل کی سطح پر انچارج قائدین کے ناموں کا اعلان کیا اور کہا کہ تمام منڈل انچارج اور ان کے معاون قائدین 18 ستمبر سے منگوڈ میں پی شراونتی کی تائید میں انتخابی مہم کا آغاز کریں گے۔

حیدرآباد: صدر ٹی پی سی سی اے ریونت ریڈی ایم پی نے حلقہ اسمبلی منگوڈ کے ضمنی انتخابات میں پارٹی امیدوار کی حیثیت سے سابق وزیر آنجہانی پی گوردھن ریڈی کی دختر پی شراونتی کے نام کی منظوری پر صدر آئی سی سی سونیا گاندھی کے فیصلہ کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ پی شراونتی کے خاندان نے اندرا گاندھی سے لے کر راہول گاندھی تک کانگریس پارٹی میں رہتے ہوئے عوام کی خدمت انجام دی ہے۔

یہاں گاندھی بھون میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے منگوڈ میں انتخابی مہم کے لئے منڈل کی سطح پر انچارج قائدین کے ناموں کا اعلان کیا اور کہا کہ تمام منڈل انچارج اور ان کے معاون قائدین 18 ستمبر سے منگوڈ میں پی شراونتی کی تائید میں انتخابی مہم کا آغاز کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ بی جے پی اور ٹی آر ایس نے شکست کے خوف سے تاحال اپنے امیدواروں کے ناموں کا اعلان نہیں کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ انتخابی مہم کے دوران پارٹی قائدین حلقہ منگوڈ کے رائے دہندوں کو مرکز کی بی جے پی اور تلنگانہ کی ٹی آر ایس حکومت کی ناکامیوں‘ عوام سے کئے گئے وعدوں کو نظر انداز کرنے‘ پیٹرول‘ ڈیزل‘ پکوان گیاس کی قیمتوں میں اضافہ‘ کھانے پینے کی اشیاء پر جی ایس ٹی کے نفاذ اور دیگر ناکامیوں سے واقف کروائیں گے۔

انہوں نے سوال کیا کہ اگر بی جے پی سنجیدہ ہے تو وہ پالمور رنگاریڈی پراجکٹ کو قومی درجہ عطاء کرے۔ بلٹ ٹرین ممبئی تا گجرات چلانے کا اعلان کیا گیا۔ حیدرآباد تا وجئے واڑہ بلٹ ٹرین کا کانگریس نے مطالبہ کیا لیکن مودی حکومت نے کوئی توجہ نہیں دی۔ ٹی آر ایس نے ہر سال ایک لاکھ نوجوانوں کو ملازمتیں‘ دلتوں کو زرعی اراضی فراہم کرنے کا وعدہ کرکے دھوکہ دیا۔

کے سی آر کی وجہ سے بیروزگار نوجوان خودکشی کرنے پر مجبور ہوگئے اور ریاست قبرستان میں تبدیل ہوگیا۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ منگوڈ کے عوام ضمنی انتخابات میں کانگریس کو ووٹ دے کر بی جے پی اور ٹی آر ایس کو سبق سکھائیں گے۔ صدر ٹی پی سی سی نے کمیونسٹ قائدین کی جانب سے حلقہ منگوڈ میں ٹی آر ایس امیدوار کی تائید کرنے کے فیصلے کی شدید مذمت کی۔

انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل پر آواز بلند کرنے والی کمیونسٹ جماعتیں ٹی آر ایس کی تائید کرنا افسوسناک ہے۔ انہوں نے کمیونسٹ جماعتوں کے کارکنوں سے اپیل کی ہے کہ وہ منگوڈ میں کانگریس پارٹی امیدوار کو ووٹ دے کر کامیاب بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس اور بی جے پی قائدین ایک دوسرے کے خلاف تنقیدیں کرنا اور الزامات عائد کرنا ایک ڈرامہ ہے تاکہ عوام کو گمراہ کیا جاسکے۔ پریس کانفرنس میں این اتم کمار ریڈی‘ انجن کمار یادو‘ آر دامودر ریڈی بوس راجہ‘ بلرام نائیک ودیگر قائدین موجود تھے۔