تلنگانہ

پٹنا پرگتی کے تحت142 بلدیات کو 3786 کروڑ جاری

حکومت تلنگانہ نے ریاست کی 142 بلدیات میں پٹنا پرگتی کے تحت ترقیاتی کاموں کی انجام دہی کیلئے مارچ2020 سے اب تک 3,786.78 کروڑ روپے جاری کئے۔

حیدرآباد: حکومت تلنگانہ نے ریاست کی 142 بلدیات میں پٹنا پرگتی کے تحت ترقیاتی کاموں کی انجام دہی کیلئے مارچ2020 سے اب تک 3,786.78 کروڑ روپے جاری کئے۔

ان رقومات میں 1919.49 کروڑ روپے جی ایچ ایم سی اور 1866.29 کروڑ روپے ماباقی 141 بلدی اداروں بشمول مونسپل کارپوریشنس کیلئے جاری کئے گئے اب تک جاری کردہ رقومات میں سے 3,066.21 کروڑ روپے استعمال کئے جاچکے ہیں۔

اس کے علاوہ اس عرصہ کے دوران 170.30 کروڑ روپے، شہری ترقیاتی فنڈس کے طور پر جاری کئے گئے جس میں جی ایچ ایم سی کے لئے 91.65 کروڑ اور دیگر کارپوریشنس کیلئے78.48 کروڑ روپے شامل ہیں۔ حکومت کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق ملک میں تلنگانہ کو بہترین شہروں اور ٹاونس کیلئے شناخت حاصل ہورہی ہے۔

حکومت، ریاست میں حیدرآباد کے علاوہ دوسرے شہروں ورنگل، نظام آباد، کریم نگر، کھمم اور دیگر چھوٹے ٹاونس کی ترقی پر خصوصی توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے۔ پٹنا پرگتی اسکیم کے تحت معیاری بنیادی سہولتیں فراہم کرنے، صاف صفائی، شجرکاری کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔

شہری اور دیہی علاقوں کو کھلے عام رفع حاجت سے پاک کرنے کی مساعی انجام دی جاری ہے۔ زیر زمین پانی کو آلودہ ہونے سے بچانے کیلئے اختراعی ایف ایس ٹی پی پلانٹس تعمیر کئے جارہے ہیں۔