جموں و کشمیر

کولگام دہشت گردانہ حملے میں ہلاکتوں کی تعداد دو ہو گئی

دہشت گردوں نے کولگام کے علاقے کیلام میں چھتیس گڑھ سے تعلق رکھنے والے دو غیر مقامی مزدوروں پر فائرنگ کر دی تھی، جس سے دونوں شدید زخمی ہو گئے تھے۔ انہیں ابتدائی طور پر علاج کے لیے گورنمنٹ میڈیکل کالج (جی ایم سی) اننت ناگ منتقل کیا گیا تھا۔

سرینگر: حکام کے مطابق جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام میں غیر مقامی مزدوروں پر ہونے والے دہشت گردانہ حملے کے بعد جمعہ کی شام سرینگر کے ایک اسپتال میں دوسرے زخمی مزدور کی بھی موت ہونے کے بعد ہلاکتوں کی تعداد دو ہوگئی۔


دہشت گردوں نے کولگام کے علاقے کیلام میں چھتیس گڑھ سے تعلق رکھنے والے دو غیر مقامی مزدوروں پر فائرنگ کر دی تھی، جس سے دونوں شدید زخمی ہو گئے تھے۔ انہیں ابتدائی طور پر علاج کے لیے گورنمنٹ میڈیکل کالج (جی ایم سی) اننت ناگ منتقل کیا گیا تھا۔

یہ حملہ جنوبی کشمیر میں 22 جولائی کو دن دہاڑے ایک پولیس اہلکار کو قریب سے گولی مار کر شہید کیے جانے کے 10 دن سے بھی کم وقت کے اندر ہوا ہے، جو اس خطے میں 10 دن کے اندر ایسا دوسرا حملہ ہے۔


زخمی مزدوروں میں سے ایک، جس کی شناخت چھتیس گڑھ کے رہائشی 24 سالہ دیپک راتڑے کے طور پر ہوئی ہے، جی ایم سی اننت ناگ میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔


دوسرے زخمی مزدور، جس کی شناخت چھتیس گڑھ کے ہی رہائشی 28 سالہ بھوپندر کے طور پر ہوئی ہے، کو تشویشناک حالت میں تخصیصی علاج کے لیے کشمیر کے اسپتال—شیرِ کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایس کے آئی ایم ایس) —ریفر کیا گیا تھا۔ حکام نے بتایا کہ وہ بعد میں دورانِ علاج دم توڑ گیا۔


ذرائع کے مطابق یہ دونوں مزدور تقریباً ایک ماہ قبل دیگر مزدوروں کے ساتھ مزدوری کے لیے علاقے میں قائم ایک اینٹوں کے بھٹھے پر آئے تھے۔


ذرائع نے بتایا کہ سادہ کپڑوں میں ملبوس ایک دہشت گرد مزدوروں کے پاس آیا اور ان سے عام انداز میں بات چیت کی، جس کے بعد ان پر فائرنگ کر دی۔


کشمیر میں تقریباً دو سال میں غیر مقامی مزدوروں پر یہ پہلا حملہ تھا۔ اس سے قبل 18 اکتوبر 2024 کو بہار کے ضلع بانکا کے رہائشی 30 سالہ اشوک چوہان کو جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کے علاقے واچی میں نامعلوم انتہا پسندوں نے گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا۔


حملے کے بعد، جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے سکیورٹی فورسز کو آپریشن تیز کرنے اور دہشت گردوں کا خاتمہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔ غیر مقامی مزدوروں کے اس قتل کی وسیع پیمانے پر مذمت کی گئی ہے۔