دہلی

’’ ہلا بول ریالی ‘‘ مودی حکومت نفرت اور خوف پیدا کررہی ہے: راہول گاندھی

راہول گاندھی نے کہا کہ مودی حکومت کے آنے کے بعد نفرت مسلسل پھیل رہی ہے لیکن حکومت اسے روک نہیں رہی ہے۔ اسی طرح ملک میں خوف کی فضا ہے اور اس میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔

نئی دہلی: کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے مودی حکومت پر سخت حملہ کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ آٹھ برسوں میں بے روزگاری اور مہنگائی اپنے عروج پر پہنچ گئی ہے اور اسے روکنے کی کوشش کرنے کے بجائے حکومت نے مخالفانہ اقدامات کرکے خوف اور نفرت پھیلانے کا کام کیا ہے۔

اتوار کو یہاں رام لیلا میدان میں حکومت کی پالیسیوں کے خلاف پارٹی کی "ہلا بول” ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر گاندھی نے کہا کہ آج ملک کے حالات بہت خراب ہو چکے ہیں۔ جب سے بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت آئی ہے، ملک میں نفرت اور غصہ بڑھتا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مودی حکومت کے آنے کے بعد نفرت مسلسل پھیل رہی ہے لیکن حکومت اسے روک نہیں رہی ہے۔ اسی طرح ملک میں خوف کی فضا ہے اور اس میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس حکومت کے آنے کے بعد سے ایک نہیں کئی خدشات پیدا ہوئے ہیں۔ حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے لوگ اپنے مستقبل سے خوفزدہ ہیں، مہنگائی اور بے روزگاری کا خوف ہے۔

کانگریس کے لیڈر نے کہاکہ مشکل یہ ہے کہ یہ خوف کم نہیں ہو رہا ہے، یہ خوف بڑھتا جارہا ہے، اس کی وجہ سے ہندوستان میں نفرت بڑھ رہی ہے۔ نفرت سے لوگ تقسیم ہوتے ہیں، ملک تقسیم ہوتا ہے، ملک کمزور ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج ملک میں مہنگائی اور بے روزگاری نے سب سے زیادہ مشکلات پیدا کر دی ہیں۔ ملک جن مشکلات سے گزر رہا ہے اس کا سارا کریڈٹ بی جے پی کی غیر ذمہ دار حکومت کو جاتا ہے۔

 آج ملک چاہ کر بھی اپنے نوجوانوں کو روزگار نہیں دے سکے گا۔ جو بے روزگاری آج آپ دیکھ رہے ہیں، آنے والے وقتوں میں مزید بڑھے گی۔