حیدرآباد

یوم تلنگانہ قومی یکجہتی تقاریب کا 16 ستمبر سے آغاز

چیف سکریٹری نے چہارشنبہ کے روز ضلع کلکٹر س/ ایس پیز، کمشنرس آف پولیس کے علاوہ دیگر اعلیٰ عہدیداروں سے بذریعہ ویڈیو کانفرنس خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریاست بھر میں یوم تلنگانہ قومی یکجہتی تقاریب کا شاندار پیمانے پر منعقد کرنا چاہئے۔

حیدرآباد: تلنگانہ کے چیف سکریٹری سومیش کمار نے کہا کہ حکومت نے یوم تلنگانہ قومی یکجہتی تقاریب کے شاندار اور وسیع پیمانے پر انعقاد کے احکام جاری کئے ہیں۔ تمام ضلع کلکٹروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ16 ستمبر کو تمام اسمبلی حلقہ جات میں بڑے پیمانے پر ریالیاں نکالنے ا ور ان ریالیوں کیلئے نقائص سے پاک انتظامات کرنے کی ہدایت دی ہے۔

 چیف سکریٹری نے چہارشنبہ کے روز ضلع کلکٹر س/ ایس پیز، کمشنرس آف پولیس کے علاوہ دیگر اعلیٰ عہدیداروں سے بذریعہ ویڈیو کانفرنس خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریاست بھر میں  یوم تلنگانہ قومی یکجہتی تقاریب کا شاندار پیمانے پر منعقد کرنا چاہئے۔

انہوں نے ان عہدیدارں سے سہ روزہ تلنگانہ قومی یکجہتی ان کی تقاریب کے انتظامات کا جائزہ لیا۔یہ تقاریب16 تا18 ستمبرمنعقد کی جائیں گی۔ انہوں نے ضلع کلکٹرس کو ہدایت دی کہ وہ متعلقہ ضلع وزرا،ایم ایل ایز اور دیگر عوامی نمائندوں کے مشاورت کے ذریعہ شاندار پیمانے پر تقاریب کے انصرام کیلئے منصوبہ کو قطعیت دیں۔

 انہوں نے کہا کہ سہ روزہ تقاریب کا شاندار انداز میں منایا جانا چاہئے۔ انہوں نے آج سے18 ستمبر تک تمام سرکاری وخانگی عمارتوں کو ہمہ رنگی روشنیوں سے سجانے کی ہدایت دی۔ انہوں نے بتایا کہ17ستمبر کو چیف منسٹر کے سی آر، حیدرآباد میں مشہور باغ عامہ میں ترنگا لہرائیں گے جبکہ تمام ضلع، منڈل اور گرام پنچایت مستقر پر قومی پرچم لہرائے جانے چاہئے۔

 آر ٹی سی حکام کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ قبائیلوں کو حیدرآباد لانے اور انہیں لے جانے کیلئے بسوں کا خصوصی نظم کریں۔ انہوں نے 16 ستمبر کو تمام اضلاع میں کلچرل پروگرام منعقد کرنے کی ہدایت دی اور اسی دن، مجاہدین آزادی اور فنکاروں کو تہنیت پیش کرنا چاہئے۔

ڈائرکٹر جنرل آف پولیس (ڈی جی پی) ایم مہندر ریڈی نے پولیس عہدیداروں کو ہدایت دی کہ ریالی پر مکمل نظر رکھیں اور ضلعی عہدیداروں سے تال میل کے ساتھ منصوبہ کو روبعمل لائیں اور17 ستمبر کو این ٹی آر اسٹیڈیم تک آر ٹی سی بسوں کو بغیر رکاوٹ چلانے کا بھی نظم کرنا ہوگا۔

اس موقع پر اسپیشل چیف سکریٹری بلدی نظم نسق و شہری ترقیات اروند کمار، ایڈیشنل ڈی جی پی نظم وضبط جتیندر، سکریٹری جی اے ڈی شیتادری، سکریٹری پنجایت راج و رورل ڈیولپمنٹ سندیپ کمار سلطانیہ اور دیگر سینئر عہدیدار موجود تھے۔