شمالی بھارت

یوپی کے دینی مدارس میں ٹیچرس کیلئے ٹیٹ لازمی قرار دیا جائے گا

حکومت اترپردیش ریاست کے دینی مدارس میں ٹیچروں کی بھرتی کیلئے ٹیٹ امتحان لازمی کردے گی تاکہ طلبہ کو معیاری تعلیم ملے۔

لکھنو: حکومت اترپردیش ریاست کے دینی مدارس میں ٹیچروں کی بھرتی کیلئے ٹیٹ امتحان لازمی کردے گی تاکہ طلبہ کو معیاری تعلیم ملے۔

مملکتی وزیراقلیتی فلاح وبہبود دانش آزاد انصاری نے اتوار کے دن پی ٹی آئی سے کہا کہ اس سلسلہ میں تجویز تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ دینی مدارس کے طلبہ کو معیاری تعلیم دینے کیلئے این سی آرٹی نصاب رائج کیاجارہا ہے۔

کورس چونکہ سائنٹفک ڈیزائن کردہ ہے لہذا اس کیلئے ٹرینڈٹیچرس ضروری ہیں۔ اسی لئے حکومت مدرسوں میں اساتذہ کی بھرتی کیلئے ٹیٹ پاس کرنا لازم قراردے رہی ہے۔

انصاری نے تاہم واضح کیاکہ ٹیٹ اردو‘ عربی‘ فارسی یا دینیات پڑھانے والے اساتذہ پر لاگو نہیں ہوگا۔ یہ صرف ان ٹیچرس پرلاگو ہوگا جو این سی آرٹی نصاب کی کتابیں پڑھاتے ہیں۔

2017ء میں حکومت اترپردیش نے اول تا پنجم(تحتانیہ)‘ پنجم تا ہشتم(فوقانیہ) اور عالیہ کیلئے این سی آرٹی کتابیں پڑھانے کو منظوری دی تھی۔

جوائنٹ جنرل سکریٹری ٹیچرس اسوسی ایشن(مدارس عربیہ) حکیم عبدالحق نے کہا کہ اس اقدام سے مدرسوں کے بعض اساتذہ سے بھیدبھاؤ ہوگا۔ اترپردیش میں 16ہزار4 اکسٹھ مدرسے مدرسہ بورڈ سے الحاق شدہ ہیں۔ 560 مدرسوں کو حکومت سے امداد ملتی ہے۔

a3w
a3w