کینیڈا میں 23 سالہ ہندوستانی خاتون کا قتل، پارٹنر گرفتار
پوسٹ مارٹم رپورٹ میں انکشاف ہوا کہ دمن پریت کور کی موت گلا دبانے کے باعث ہوئی، جس کے بعد پولیس نے واقعے کو قتل قرار دیتے ہوئے تحقیقات کا دائرہ وسیع کیا۔
اوٹاوا/نئی دہلی: کینیڈا کے شہر ایڈمنٹن میں 23 سالہ بھارتی نژاد خاتون دمن پریت کور کے مبینہ قتل کے معاملے میں پولیس نے ان کے 22 سالہ پارٹنر رتیش کمار کو گرفتار کر لیا ہے۔ ملزم کے خلاف سیکنڈ ڈگری مرڈر کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
ایڈمنٹن پولیس کے مطابق، یہ واقعہ 9 جولائی کو پیش آیا، جب انہیں ایک زخمی خاتون کے بارے میں اطلاع موصول ہوئی۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر دمن پریت کور کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا، تاہم وہ 12 جولائی کو دورانِ علاج دم توڑ گئیں۔
پوسٹ مارٹم رپورٹ میں انکشاف ہوا کہ دمن پریت کور کی موت گلا دبانے کے باعث ہوئی، جس کے بعد پولیس نے واقعے کو قتل قرار دیتے ہوئے تحقیقات کا دائرہ وسیع کیا۔
تحقیقات کے بعد 22 جولائی کو 22 سالہ رتیش کمار کو گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم مقتولہ کا پارٹنر تھا اور اس کے خلاف سیکنڈ ڈگری مرڈر کے تحت مقدمہ درج کر کے مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔
دمن پریت کور کا تعلق بھارتی ریاست پنجاب کے ضلع لدھیانہ سے تھا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ان کے اہلِ خانہ میت کو بھارت منتقل کرنے کے لیے مالی تعاون اور عطیات جمع کر رہے ہیں۔
پولیس نے واقعے کی مزید تفتیش شروع کر دی ہے، جبکہ قتل کی وجوہات جاننے کے لیے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔