لداخ میں 26پٹرولنگ پوائنٹس ہاتھ سے نکل گئے : کانگریس
کانگریس نے جمعہ کے دن مطالبہ کیا کہ لداخ میں ایل اے سی پر 26 پٹرولنگ پوائنٹس گنوانے کے مسئلہ پر پارلیمنٹ کے بجٹ اجلاس میں بحث ہونی چاہئے۔
نئی دہلی: کانگریس نے جمعہ کے دن مطالبہ کیا کہ لداخ میں ایل اے سی پر 26 پٹرولنگ پوائنٹس گنوانے کے مسئلہ پر پارلیمنٹ کے بجٹ اجلاس میں بحث ہونی چاہئے۔
اس نے الزام عائد کیا کہ 17 ادوار کی بات چیت کے باوجود جوں کا توں موقف بحال نہ ہوسکا۔ اس نے سہ روزہ ڈی جی پی۔ آئی جی پیز سالانہ کانفرنس کا حوالہ دیا جس میں تفصیلی سیکوریٹی ریسرچ پیپر بحث کے لئے پیش ہوا تھا۔
کانگریس نے الزام عائد کیا کہ ایسے چونکادینے والے حقائق سامنے آئے ہیں جن سے پتہ چلتا ہے کہ مودی حکومت ہندوستانی علاقہ پر چین کے غیرقانونی قبضہ کے معاملہ میں کتنی بے حس ہے۔
پریس کانفرنس سے خطاب میں کانگریس کے میڈیا سربراہ پون کھیڑا نے کہا کہ ہندوستان 65 پٹرولنگ پوائنٹس (پی پی) میں 26 تک رسائی سے محروم ہوگیا ہے۔ مئی 2020 سے پہلے ایسا معاملہ نہ تھا۔
وادی گالوان میں ہمارے 20 بہادر جوان اپنی جانیں قربان کرچکے ہیں۔ ریسرچ پیپر کے بموجب ہم 26 پٹرولنگ پوائنٹس گنواچکے ہیں۔ وہاں ہماری سیکوریٹی فورسس یا تو پٹرولنگ نہیں کرپارہی ہیں یا پٹرولنگ کا دائرہ محدود ہوگیا ہے۔
ان علاقوں میں چینی موجود ہیں۔ کشیدگی گھٹانے کے لئے جو بات چیت ہوئی تھی اس کے دوران چینی فوج نے بفر علاقوں کا فائدہ اٹھایا اور اس نے اونچی پہاڑی چوٹیوں پر اپنے بہترین کیمرے نصب کردیئے جن کے ذریعہ وہ ہندوستانی فوجیوں کی نقل و حرکت پر نظر رکھے ہوئے ہے۔