آر ٹی سی کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کا عزم: پونم پربھاکر
ریاستی وزیر ٹرانسپورٹ اور بی سی بہبود پونم پربھاکر نے کہا کہ ریٹائرڈ آر ٹی سی ملازمین کی بہبود کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں اور حکومت اس سلسلہ میں انتظامیہ کو مکمل تعاون فراہم کرے گی۔

حیدرآباد: ریاستی وزیر ٹرانسپورٹ اور بی سی بہبود پونم پربھاکر نے کہا کہ ریٹائرڈ آر ٹی سی ملازمین کی بہبود کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں اور حکومت اس سلسلہ میں انتظامیہ کو مکمل تعاون فراہم کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ ریٹائرڈ آر ٹی سی ملازمین کے زیر التوا مسائل کو مرحلہ وار اساس پر حل کیا جا رہا ہے۔ وزیر پونم پربھاکر اتوار کو حیدرآباد میں ٹی جی ایس آر ٹی سی ریٹائرڈ آفیسرز ویلفیئر ایسوسی ایشن کی پانچویں سالگرہ کی تقریب میں مہمان خصوصی کے طور پر شریک تھے۔
انہوں نے 90 سال عمر مکمل کرچکے ریٹائرڈ آر ٹی سی ملازمین کو ادارے کے ایم ڈی وی سی سجنار کے ساتھ مل کر اعزاز سے نوازا۔ اس موقع پر پونم پربھاکر نے کہا کہ عوامی حمل ونقل کے نظام میں ریٹائرڈ افسران اور ملازمین کی خدمات بہت ہی اہمیت رکھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملازمین کی فلاح وبہبود، عوامی نقل و حمل کی سہولت اور ادارے کا تحفظ تین اہم ترجیحات ہیں جن پر ادارہ کام کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک سال کے دوران ملازمین کی بہبود کے لئے خصوصی اقدامات کیے جائیں گے اور نئے بسوں کی خریداری کی جا رہی ہے، اور ضرورت کے مطابق ملازمین کی بھرتیاں کی جائیں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریاستی حکومت کی مہا لکشمی اسکیم کے ذریعہ آر ٹی سی کی مالی حالت مستحکم ہو رہی ہے اور حکومت ٹی ایس آر ٹی سی کو ملک کی نمبر ون کمپنی بنانے کے لئے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔
وی سی سجنار نے کہا کہ ریٹائرڈ افسران اور ملازمین کا ادارے سے بہت گہرا تعلق ہوتا ہے اور وہ ریٹائرمنٹ کے بعد بھی ادارہ کی بہتری کے لیے کام کرتے رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریٹائرڈ ملازمین کی مشاورت سے کئی نئے منصوبہ شروع کیے گئے ہیں اور ان کے صحت کا خیال رکھتے ہوئے ٹی جی ایس آر ٹی سی تارناکہ ہسپتال کو سوپر اسپیشالٹی ہسپتال میں تبدیل کیا گیا ہے، جہاں اب تمام قسم کی طبی سہولتیں دستیاب ہیں۔
اس اجلاس میں ریٹائرڈ آر ٹی سی افسران نے اپنے مسائل وزیر پونم پربھاکر اور آر ٹی سی کے ایم ڈی وی سی سجنار کے سامنے پیش کیے، جس پر انہوں نے ان مسائل کے حل کے لیے اقدامات کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ اس موقع پر ریٹائرڈ آفیسرز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے صدر ناگوندرا راؤ، وائس پریزیڈنٹ ناگراؤ، سکریٹری وجئے کمار، جوائنٹ سکریٹری سیتارام بابو، ٹریژرر وینکٹ ریڈی اور دیگر نے شرکت کی۔