91 یونیورسٹیوں میں داخلوں کے انٹرنس ٹسٹ نتائج کا اعلان

انگریزی میں سب سے زیادہ 8236 طلبا نے صد فیصد نشانات لئے جبکہ پولیٹکل سائنس میں 2065‘ بزنس اسٹڈیز میں 1669‘ بائیو میں 2324 اور معاشیات میں 1188 طلبا نے 100 فیصد اسکورنگ کی۔

نئی دہلی: نیشنل ٹسٹنگ ایجنسی(این ٹی اے) نے کامن یونیورسٹی انٹرنس ٹسٹ انڈر گریجویٹ (سی یو ای ٹی۔ یو جی) کے نتائج جمعہ کو جاری کردیئے۔ تقریباً 20 ہزار طلبا کو 30 مضامین میں 100 فیصد نشانات ملے۔

 انگریزی میں سب سے زیادہ 8236 طلبا نے صد فیصد نشانات لئے جبکہ پولیٹکل سائنس میں 2065‘ بزنس اسٹڈیز میں 1669‘ بائیو میں 2324 اور معاشیات میں 1188 طلبا نے 100 فیصد اسکورنگ کی۔ یوپی سے 2 لاکھ 92 ہزار 589  اور دہلی سے 1لاکھ 86 ہزار 405 طلبا نے اس امتحان میں شرکت کی تھی۔

91 یونیورسٹیوں میں داخلوں کے لئے یہ امتحان ہوا تھا۔ اب یونیورسٹیاں اور کالجس اپنی کٹ آف لسٹ جاری کریں گے۔ مسقط‘ ریاض‘ دُبئی‘ منامہ‘ دوحہ‘ شارجہ‘ کویت‘ کٹھمنڈو اور سنگاپور میں بھی اس امتحان کے مراکز بنے تھے۔

اس بار تمام سنٹرل یونیورسٹیوں میں داخلے اسی امتحان کے نتائج کی بنیاد پر ہوں گے۔ دہلی یونیورسٹی (ڈی یو) ملک کی سب سے بڑی سنٹرل یونیورسٹی ہے جہاں لگ بھگ 80 شعبے ہیں۔ اقلیتی تعلیمی اداروں میں جامعہ ملیہ اسلامیہ (جے ایم آئی) نے بھی سی یو ای ٹی کے نتائج کی بنیاد پر داخلے دینے کا فیصلہ کیا ہے۔