سی بی ایس سی بورڈ امتحانات میں امتیازی نشانات سے کامیابی پر طلبہ کی پُروقار پذیرائی تقریب،اُردو اکیڈمی جدہ کے بارہویں سہ ماہی پروگرام کا انعقاد
تقریب کی ایک نمایاں اور دلکش پیشکش “تمثیلی مشاعرہ” تھا، جس میں باریہ فاطمہ، ہدیٰ عرفان ہاشمی، زویا منال، مریم فاطمہ، زینب سبحانی، عنایہ ماہین خان، محمد فرحان احمد، حسن مصطفیٰ، محمد رحمت اللہ، شایان وارث، ریاض الرحمن، محمد سہیل اور محمد معاذ نے عمدہ انداز میں حصہ لے کر سامعین سے خوب داد حاصل کی۔
جدہ: اُردو اکیڈمی جدہ کے زیرِ اہتمام “بارہواں سہ ماہی پروگرام – 2026ء” نہایت شایانِ شان انداز میں گرلز سیکشن، انٹرنیشنل انڈین اسکول عزیزیہ، جدہ میں منعقد ہوا۔ یہ پروگرام سی بی ایس سی بورڈ امتحانات میں امتیازی نشانات سے کامیابی حاصل کرنے والے عروسِ بحرِ احمر، باب الحرمین جدہ کے طلبہ و طالبات کی حوصلہ افزائی اور پذیرائی کے لیے ترتیب دیا گیا تھا۔
پروگرام کی صدارت حافظ محمد عبدالسلام، صدر اُردو اکیڈمی جدہ نے فرمائی، جبکہ مہمانِ خصوصی کے طور پر ڈاکٹر محمد اسلم خان، چیئرمین آئی آئی ایس جے منیجنگ کمیٹی شریک ہوئے۔ مہمانانِ اعزازی میں عبدالقدیر حسن صدیقی، مشیرِ اعلیٰ اُردو اکیڈمی جدہ و معروف سعودی تاجر، ڈاکٹر محمد عمران، پرنسپل انٹرنیشنل انڈین اسکول جدہ، شامل تھے۔
تقریب کا آغاز حافظ محمد نظام الدین غوری، خازن اُردو اکیڈمی جدہ کی تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جبکہ ڈاکٹر خواجہ یمین الدین معزز رکن اُردواکیڈمی نے نعتِ رسولِ مقبول ﷺ پیش کی۔ بعد ازاں حافظ محمد عبدالسلام، صدر اُردو اکیڈمی جدہ نے خطبۂ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے اُردو اکیڈمی کی علمی و ادبی خدمات پر روشنی ڈالی۔
اسلم افغانی پروگرام کووآرڈینٹر نے پروگرام کی نظامت کے فرائض انجام دیے۔ ڈاکٹر محمد اسلم خان، چیئرمین آئی آئی ایس جے منیجنگ کمیٹی اور ڈاکٹر محمد عمران، پرنسپل انٹرنیشنل انڈین اسکول جدہ نے اپنے خطابات میں اُردو زبان کی اہمیت، نئی نسل کی تعلیمی و اخلاقی تربیت اور طلبہ کو اعلیٰ مقاصد کے حصول کے لیے محنت و لگن اختیار کرنے کی تلقین کی۔
اس موقع پر آئی آئی ایس جے منیجنگ کمیٹی کے صدرڈاکٹر اسلم خان ‘اراکین ۔ جن میں محترم سید نعیم الدین باری ، ڈاکٹر محمدآصف خان‘ سبنا کُٹّا ‘ انڈین قونصلیٹ جدہ کے تحت کام کرنے والی تنظیم کےڈائریکٹر، کارپوریٹ اینڈ انڈیویجول ممبر ریلیشنز، آئی بی پی این ڈاکٹرمرزا قدرت نوازبیگ اور مہمانانِ اعزازی ڈاکٹر محمد عمران اور محترم عبدالقدیر حسن صدیقی کو بھی تہنیت پیش کی گئی ۔
پروگرام میں مختلف علمی و ادبی سرگرمیاں منعقد کی گئیں جن میں “الفاظ و معانی” کی نشست ڈاکٹر مرزا قدرت نواز بیگ، “ادھورے اشعار” سید عبدالوہاب قادری جوائنٹ کووآرڈینٹر، جبکہ “مزاحیہ تقریر” ڈاکٹر خواجہ یمین الدین اور اطہر اسلوبی نے پیش کی۔ حاضرین نے ان دلچسپ اور معلوماتی پروگراموں کو بے حد سراہا۔
تقریب کی ایک نمایاں اور دلکش پیشکش “تمثیلی مشاعرہ” تھا، جس میں باریہ فاطمہ، ہدیٰ عرفان ہاشمی، زویا منال، مریم فاطمہ، زینب سبحانی، عنایہ ماہین خان، محمد فرحان احمد، حسن مصطفیٰ، محمد رحمت اللہ، شایان وارث، ریاض الرحمن، محمد سہیل اور محمد معاذ نے عمدہ انداز میں حصہ لے کر سامعین سے خوب داد حاصل کی۔
صدرِ جلسہ، مہمانان اور اُردو اکیڈمی جدہ کے ذمہ داران کے ذریعے تمام کامیاب طلبہ و طالبات اور تمثیلی مشاعرہ میں شریک طلبہ و طالبات کو یادگاری مومنٹوز پیش کیے گئے۔ ساتھ ہی تمام اساتذہ کو شال پیش کی گئی ۔
پروگرام کے اختتام پر محمد یوسف وحید معزز رکن اُردواکیڈمی نے اظہارِ تشکر پیش کیا، جبکہ انتظامات کی نگرانی مسرس محمد یحییٰ‘ غلمان رضا اور محترمہ سراج النساء(اراکین اُردواکیڈمی ) نے انجام دی۔ تقریب کی براہِ راست نشریات حافظ ذیشان علی، حافظ محمد زبیر (دارالعلم) اور شیخ علیم (اے کے نیوز) کے مشترکہ تعاون سے پیش کی گئیں۔
اس کامیاب پروگرام کو پایۂ تکمیل تک پہنچانے میں حافظ محمد نظام الدین غوری کے ساتھ مسرس محمد جعفر،عبدالقدیر، محمد وسیم(دارالعلم) اور دیگر معاونین نے نمایاں کردار ادا کیا۔ تقریب میں جدہ کی مختلف دینی، ادبی اور سماجی تنظیموں کے ذمہ داران اور معزز شخصیات کی بڑی تعداد موجود تھی،جِن میں ڈاکٹر محمد عبدالسلیم سابق چیئرمین آئی آئی ایس جے منیجنگ کمیٹی‘ پرنس مفتی ضیاء‘ محترم محمد فاروق ‘ محترمہ فرحت النساء وائس پرنسپل آئی آئی ایس جے’ محترمہ ناھید فاطمہ اے او آئی آئی ایس جے۔ محترم مہتاب قدر‘ محترم سید افضل الدین نقشبندی قابلِ ذکرہیں اوتمام مہمانان و حاضرین نے پروگرام کو بے حد سراہا اور اُردو اکیڈمی جدہ کی علمی و ادبی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔