مشرق وسطیٰ
ٹرینڈنگ

غزہ میں زخمی بہن کو کندھے پر اُٹھائے فلسطینی بچی کی دل دہلادینے والی ویڈیو وائرل

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اسرائیلی فوج کے محاصرے کے دوران ایک فلسطینی معصوم بچی گاڑی کی ٹکر سے زخمی ہونے والی اپنی چھوٹی بہن کو کندھے پر اٹھائے جارہی ہے۔

غزہ: غزہ اور لبنان میں اسرائیلی فوج کی جانب سے خون کی ہولی کھیلنے کا سلسلہ جاری ہے، ایسی صورتحال میں ایک معصوم بچی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے جو اپنی زخمی بہن کو اُٹھائے شدید دھوپ چل رہی ہے۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اسرائیلی فوج کے محاصرے کے دوران ایک فلسطینی معصوم بچی گاڑی کی ٹکر سے زخمی ہونے والی اپنی چھوٹی بہن کو کندھے پر اٹھائے جارہی ہے۔

بچی غزہ کی کڑی دوپہر میں اپنی چھوٹی بہن کو کندھے پر اٹھائے خیمہ بستی کی طرف جانے کی جدوجہد میں مصروف ہے، جبکہ ایسے میں اس کے پیر میں چپل بھی نہیں ہے۔

رپورٹس کے مطابق معصوم بچی کی چھوٹی بہن کا پاؤں زخمی ہے، جسے اس نے اپنے کندھے پر اٹھایا ہوا ہے، وہ روزانہ ایک گھنٹے سے زیادہ کا سفر طے کرکے اسے علاج کیلیے لے کر جاتی ہے۔ انسٹا گرام پر وائرل ہونے والی ویڈیو کے کیپشن میں تحریر کیا گیا ہے کہ مذکورہ لڑکی کی چھوٹی بہن کو ایک گاڑی نے ٹکر مار کر زخمی کردیا تھا۔

دوسری جانب اسرائیلی فوج کے تازہ فضائی حملے میں جبالیہ کیمپ میں معروف فلسطینی آرٹسٹ محاسن الخطیب جام شہادت نوش کرگئیں۔ با صلاحیت مصورہ اور ڈیزائنر محاسن الخطیب اسرائیلی حملے کے وقت گھر میں موجود تھیں، ان کی آخری تخلیق، جو انہوں نے شہادت سے چند گھنٹے قبل سوشل میڈیا پر پوسٹ کی تھی وائرل ہوگئی۔

انہوں نے اپنی آخری پوسٹ میں 19 سالہ شابان الدالو کو خراج عقیدت پیش کیا تھا۔ شہید فلسطینی آرٹسٹ محاسن خود بے پناہ چیلنجز کا سامنا کر رہی تھیں لیکن اس کے باوجود وہ اپنے فن کے ذریعے غزہ کے رہائشیوں کی مشکلات کو دنیا کے سامنے لاتی رہیں۔ رپورٹس کے مطابق بطور مصورہ، اسٹوری بورڈ آرٹسٹ، فری لانس کردار ڈیزائنر، اور ڈیجیٹل آرٹ کی استاد، محاسن اپنے خاندان کی کفیل تھیں۔