ادبی فورم ریاض کے زیرِ اہتمام شاندار محفلِ مشاعرہ کا انعقاد
محفل کی صدارت معروف ادب نواز ڈاکٹر شوکت پرویز نے فرمائی، جبکہ نظامت کے فرائض ممتاز شاعر حسان عارفی نے انجام دیے
ریاض (سعودی عرب): ادبی ذوق و شوق کے فروغ کے لیے سرگرم معروف ادبی تنظیم ادبی فورم ریاض کے زیرِ اہتمام 26 جون 2026ء بروز جمعہ حارہ کے چٹخارے ریسٹورنٹ میں ایک نہایت شاندار اور یادگار محفلِ مشاعرہ منعقد ہوئی۔ یہ ادبی نشست شام 7:15 بجے شروع ہوئی اور رات 11:30 بجے تک پوری آب و تاب کے ساتھ جاری رہی۔
محفل کی صدارت معروف ادب نواز ڈاکٹر شوکت پرویز نے فرمائی، جبکہ نظامت کے فرائض ممتاز شاعر حسان عارفی نے انجام دیے۔ مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے ڈاکٹر انور خورشید شریک ہوئے، جبکہ وسیم قریشی اور محمد سیف الدین مہمانانِ اعزازی رہے۔ اسٹیج پر سرپرستِ ادبی فورم مشتاق شیخ اور صدرِ ادبی فورم طاہر بلال بھی رونق افروز تھے۔
محفل کا آغاز ادبی فورم کی روایت کے مطابق تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کی سعادت شیخ عمران نے اپنی پرسوز اور دلنشیں آواز میں حاصل کی۔
ادبی فورم کی دیرینہ روایت کے مطابق ابتدا میں نثری نشست منعقد ہوئی، جس میں منیر الدین، سراج اکرم اور وسیم قریشی نے بالترتیب اپنی تخلیقات پیش کیں۔ سامعین نے ان کی نثری کاوشوں کو بھرپور توجہ سے سنا اور خوب داد و تحسین سے نوازا۔ نثری نشست کے اختتام پر ناظمِ مشاعرہ نے نمازِ عشاء کے وقفے کا اعلان کیا۔
نمازِ عشاء کے بعد شعری نشست کا آغاز ہوا۔ حسان عارفی کی شاندار نظامت نے پوری محفل کو ابتدا سے اختتام تک باندھے رکھا۔
اپنے صدارتی خطاب میں ڈاکٹر شوکت پرویز نے شعراء کی فکری و فنی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ موجودہ دور میں، جب اردو زبان اور ادب کو مختلف چیلنجز درپیش ہیں، ادبی فورم ریاض اردو زبان و ادب کی آبیاری اور ترویج میں قابلِ قدر خدمات انجام دے رہا ہے۔ انہوں نے منتظمین کی کاوشوں کو خراجِ تحسین پیش کیا اور سامعین کی ادب نوازی کو بھی قابلِ ستائش قرار دیا۔
قابلِ ذکر ہے کہ اس مشاعرے میں صرف ریاض میں مقیم شعراء و ادباء نے شرکت کی، جس سے مقامی ادبی سرگرمیوں کو مزید تقویت حاصل ہوئی۔
مشاعرہ رات تقریباً 11:30 بجے اپنے اختتام کو پہنچا، جس کے بعد منتظمین کی جانب سے تمام شعراء، مہمانوں اور شرکاء کے اعزاز میں پرتکلف عشائیے کا اہتمام کیا گیا۔
مشاعرے میں جن شعراء نے اپنا منتخب کلام پیش کر کے سامعین سے بھرپور داد و تحسین حاصل کی، ان میں طاہر بلال، افتخار رازغب، یوسف علی یوسف، ظفر محمود، اکرم علی اکرم، حسان عارفی، جمیل احمد، دانش ممتاز، سعید اختر اعظمی، عبدالرحمن راشد، سراج عالم زخمی، عبدالاول، سلیم کاوش، قاضی منصور قاسمی، صادق شبیبی اور یحییٰ نوری شامل تھے۔
مشاعرے کی شاندار کامیابی صدرِ ادبی فورم طاہر بلال، نائب صدر اکرم علی اکرم، معتمدِ عمومی حسان عارفی، خازن دانش ممتاز، کوآرڈینیٹر جمیل احمد اور دیگر منتظمین کی مخلصانہ، منظم اور انتھک کاوشوں کا ثمر تھی۔ ان حضرات کی بہترین منصوبہ بندی، باہمی تعاون اور ادب دوستی نے اس ادبی محفل کو نہایت کامیاب، باوقار اور یادگار بنا دیا، جسے شرکاء اور سامعین نے بے حد پسند کیا اور سراہا۔