رفیع الدین فقیہ بوائز ہائی اسکول کے طالب علم نے حفظ قرآن مکمل کرلیا، تہنیتی نشست کا انعقاد
ابو سعد نے گزشتہ ہفتے مرکز ہندوستانی مسجد میں حفظ قرآن مکمل کیا، جس پر اتوار کے روز صبح رسم دستار بندی کی تقریب منعقد کی گئی اور انہیں سندِ حفظ سے نوازا گیا۔
بھیونڈی: رفیع الدین فقیہ بوائز ہائی اسکول، قریش نگر، اردو روڈ، نظامپورہ، بھیونڈی کے دہم جماعت (اے) کے ہونہار طالب علم انصاری ابو سعد حبیب الرحمن نے عصری تعلیم کے ساتھ ساتھ قرآن کریم بھی حفظ کرنے کی سعادت حاصل کرلی ہے۔ اس خوشی کے موقع پر اسکول میں ایک خصوصی تہنیتی نشست کا اہتمام کیا گیا۔
ابو سعد نے گزشتہ ہفتے مرکز ہندوستانی مسجد میں حفظ قرآن مکمل کیا، جس پر اتوار کے روز صبح رسم دستار بندی کی تقریب منعقد کی گئی اور انہیں سندِ حفظ سے نوازا گیا۔ اس کے بعد پیر کے روز صبح 10 بجے اسکول کے ہیڈ ماسٹر آفس میں ایک مختصر تقریب منعقد کی گئی جس میں ابو سعد اور ان کے والدین کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔
تقریب میں اسکول کے چیئرمین جناب نوح خلیل پٹیل مہمانِ خصوصی تھے، جبکہ اسکول کے سربراہ پرنسپل محمد شبیر فاروقی نے حافظ ابو سعد اور ان کے والدین کا استقبال کیا۔ انہوں نے تمام طلبہ کو اس سعادت کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے قرآن کریم حفظ کرنے کی نیکیوں اور برکتوں پر روشنی ڈالی۔
اس موقع پر حافظ ابو سعد نے چند سورتوں کی تلاوت کی، جسے حاضرین نے خوب سراہا۔ ہیڈ ماسٹر محمد شبیر فاروقی نے کہا، "حافظ ابو سعد دیگر طلبہ کے لیے ایک مثال ہیں، جنہوں نے نہ صرف قرآن مجید حفظ کیا بلکہ تعلیمی میدان میں بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔” انہوں نے مزید کہا کہ یہ کامیابی ان کی محنت کے ساتھ ساتھ ان کے والدین کی بہترین تربیت کا نتیجہ ہے۔
تقریب میں چیئرمین نوح خلیل پٹیل، معاون ہیڈ ماسٹر شفیع پٹیل، سپروائزر فہیم پٹیل اور اساتذہ کی موجودگی میں حافظ ابو سعد کے والدین کی گل پیشی کی گئی، اور انہیں اسکول کی جانب سے تحائف سے نوازا گیا۔ تمام معلمین و معلمات نے ابو سعد اور ان کے والدین کو اس عظیم کامیابی پر مبارکباد پیش کی۔
(ظفر عالم خان جامعی – شعبہ نشر واشاعت، رفیع الدین فقیہ بوائز ہائی اسکول، بھیونڈی)