ایشیاء
پاکستان میں ججس کے قافلہ پر حملہ، 2پولیس عہدیدار ہلاک
شمال مغربی پاکستان کے گڑبڑ زدہ صوبہ خیبرپختونخواہ میں جمعہ کے دن ججس کے قافلہ پر دہشت گردوں کے گھات لگاکر کئے گئے حملہ میں 2پولیس والے ہلاک اور دیگر 2زخمی ہوگئے۔

پشاور: شمال مغربی پاکستان کے گڑبڑ زدہ صوبہ خیبرپختونخواہ میں جمعہ کے دن ججس کے قافلہ پر دہشت گردوں کے گھات لگاکر کئے گئے حملہ میں 2پولیس والے ہلاک اور دیگر 2زخمی ہوگئے۔ پولیس نے یہ بات بتائی۔
فائرنگ میں تینوں ججس محفوظ رہے۔ ججس کا قافلہ ضلع ٹانک کی عدالتوں میں ڈیوٹی کے بعد کڑے پہرے میں اپنے گھر ڈیرہ اسمٰعیل خان لوٹ رہا تھا کہ مسلح عسکریت پسندوں نے حملہ کردیا۔
ججس کے قافلہ کی حفاظت کرتے ہوئے 2پولیس والے ہلاک اور دیگر 2زخمی ہوئے۔
اسی دوران صوبہ کے چیف منسٹر علی امین گنڈاپور نے حملہ کی مذمت کی اور رپورٹ طلب کرلی۔ 2023ء میں پاکستان میں 1514دہشت گرد حملے ہوئے تھے اور 2ہزار 922ہلاکتیں ہوئی تھیں۔