دہلی کے آشاکرن شیلٹر ہوم میں 14 اموات کی تحقیقات کا حکم جاری
دہلی کی وزیر آتشی نے جمعہ کے دن محکمہ مال کو ہدایت دی کہ وہ شمال مغربی دہلی کے روہنی علاقہ کے آشاکرن شیلٹر ہوم میں رہنے والے 14 افراد کے موت کی مجسٹرئیل انکوائری کرے اور اندرون 48 گھنٹے رپورٹ دیں۔
نئی دہلی: دہلی کی وزیر آتشی نے جمعہ کے دن محکمہ مال کو ہدایت دی کہ وہ شمال مغربی دہلی کے روہنی علاقہ کے آشاکرن شیلٹر ہوم میں رہنے والے 14 افراد کے موت کی مجسٹرئیل انکوائری کرے اور اندرون 48 گھنٹے رپورٹ دیں۔
آشاکرن ذہنی معذورین کے لئے بناحکومت ِ دہلی کا شیلٹر ہوم ہے اور یہ محکمہ سماجی بہبود کے تحت ہے۔ راج کمار آنند کے استعفیٰ کے بعد سے اس محکمہ کا فی الحال کوئی بھی سربراہ نہیں ہے۔
چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال نے جو تہاڑ جیل میں بند ہیں، محکمہ کا چارج کسی بھی وزیر کو نہیں دیا۔ جاریہ سال جنوری سے اموات کی اخباری اطلاعات کا نوٹ لیتے ہوئے آتشی نے کہا کہ صحت کی خرابی اور صحیح غذا نہ ملنے سے اموات ہوئی ہیں، جس سے اشارہ ملتا ہے کہ شیلٹر ہوم میں درکار سہولتیں دستیاب نہیں ہیں۔
آتشی نے کہا کہ دارالحکومت دہلی سے ایسی بری خبر سننا انتہائی تکلیف دہ ہے۔ ہم اِس قسم کی لاپرواہی کو برداشت نہیں کرسکتے۔ یہ سنگین مسئلہ ہے اور اس کی اچھی طرح تحقیقات ہونی چاہئے۔
انہوں نے اڈیشنل چیف سکریٹری ریونیو کو ہدایت دی کہ فوری مجسٹرئیل انکوائری شروع کریں اور 48 گھنٹوں میں رپورٹ دیں۔ لاپرواہی برتنے والوں کے خلاف کیا کارروائی کی جائے اس کی سفارش کریں۔ مستقبل میں ایسے واقعات کا اعادہ نہ ہو اس کے لئے بھی اقدامات تجویز کریں۔
بی جے پی نے کہا کہ اس کے رکن پارلیمنٹ حلقہ شمال مغربی دہلی یوگیندر چنڈولیہ لوک سبھا میں یہ مسئلہ اٹھائیں گے اور پارٹی قائدین شیلٹر ہوم کا دورہ کریں گے۔