تلنگانہ

تلنگانہ میں کل سے آٹو، کیب اور آن لائن ڈلیوری خدمات غیر معینہ مدت کے لیے بند، 16 گاڑی یونینوں کی ہڑتال کا اعلان

یونین قائدین کا کہنا ہے کہ وہ ریاستی حکومت کی "گہری غفلت" کو ختم کرنے اور اپنے مطالبات کی منظوری کے لیے یہ ہڑتال کر رہے ہیں۔ ان کا الزام ہے کہ حکومت کو متعدد بار یادداشتیں اور نمائندگی پیش کرنے کے باوجود ان کے مسائل کے حل کے لیے کوئی مؤثر اقدام نہیں کیا گیا۔

حیدرآباد: تلنگانہ بھر میں عوام کو کل سے آمدورفت اور آن لائن ڈلیوری خدمات میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، کیونکہ 16 گاڑی یونینوں پر مشتمل جوائنٹ ایکشن کمیٹی (JAC) نے غیر معینہ مدت کی ہڑتال کا اعلان کر دیا ہے۔

جے اے سی کے مطابق ہڑتال کے دوران آٹو رکشہ، کیب، لاریوں، اولا، اوبر، ریپیڈو، سویگی، زومیٹو، زیپٹو، انسٹا مارٹ سمیت دیگر ایپ پر مبنی ٹرانسپورٹ اور ڈلیوری خدمات بند رہیں گی۔

یونین قائدین کا کہنا ہے کہ وہ ریاستی حکومت کی "گہری غفلت” کو ختم کرنے اور اپنے مطالبات کی منظوری کے لیے یہ ہڑتال کر رہے ہیں۔ ان کا الزام ہے کہ حکومت کو متعدد بار یادداشتیں اور نمائندگی پیش کرنے کے باوجود ان کے مسائل کے حل کے لیے کوئی مؤثر اقدام نہیں کیا گیا۔

جے اے سی نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت اور ایپ پر مبنی پلیٹ فارم کمپنیاں مشترکہ طور پر کم از کم بنیادی کرایہ (Base Fare) اور فی کلومیٹر و فی منٹ منصفانہ نرخوں کا باضابطہ اعلان کریں تاکہ ایپ پر کام کرنے والے ڈرائیوروں، ڈلیوری ورکرز اور دیگر گیگ و پلیٹ فارم کارکنوں کو مستحکم آمدنی حاصل ہو سکے۔

یونینوں نے تلنگانہ گیگ اینڈ پلیٹ فارم ورکرز رولز کو فوری طور پر نافذ کرنے اور گیگ ورکرز کے لیے ویلفیئر بورڈ قائم کرنے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔

اس کے علاوہ جے اے سی نے حکومت سے موٹر وہیکل ایگریگیٹر گائیڈ لائنز-2025 پر مکمل عمل درآمد اور حکومت کی جانب سے مقرر کردہ کم از کم کرایوں کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

یونینوں کا ایک اہم مطالبہ یہ بھی ہے کہ موٹر وہیکلز ایکٹ 1988 اور موٹر وہیکل ایگریگیٹر گائیڈ لائنز-2025 کے مطابق نجی (نان کمرشل) دو پہیہ، تین پہیہ اور چار پہیہ گاڑیوں کو کمرشل رجسٹریشن کے بغیر ایپ پر مبنی مسافر یا مال برداری خدمات کے لیے استعمال کرنے پر پابندی عائد کی جائے۔

اگر حکومت، یونینوں اور متعلقہ پلیٹ فارم کمپنیوں کے درمیان کوئی اتفاق رائے نہ ہوا تو اس ہڑتال سے تلنگانہ بھر میں روزمرہ کی آمدورفت، آن لائن فوڈ ڈلیوری اور گروسری خدمات شدید متاثر ہونے کا امکان ہے۔