شمالی بھارت

بابری مسجد کیس‘ مسلم پرسنل لا بورڈ سپریم کورٹ سے رجوع ہوگا

سی بی آئی عدالت نے 30 ستمبر 2020 کو تمام ملزمین بشمول سابق نائب وزیراعظم ایل کے اڈوانی کو بری کردیا تھا۔ ایودھیا کے رہنے والے حاجی محبوب اور سید اخلاق نے الٰہ آباد ہائی کورٹ میں درخواست ِ نظرثانی داخل کی تھی۔

ایودھیا(یوپی): آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ(اے آئی ایم پی ایل بی) 1992کے بابری مسجد شہادت کیس میں تمام 32 ملزمین کو بری کرنے کے سی بی آئی کی خصوصی عدالت کے فیصلہ کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع ہوگا۔

 سی بی آئی عدالت نے 30 ستمبر 2020 کو تمام ملزمین بشمول سابق نائب وزیراعظم ایل کے اڈوانی کو بری کردیا تھا۔ ایودھیا کے رہنے والے حاجی محبوب اور سید اخلاق نے الٰہ آباد ہائی کورٹ میں درخواست ِ نظرثانی داخل کی تھی۔

 بورڈ کے رکن عاملہ و ترجمان سید قاسم رسول الیاس نے کہا کہ بورڈ نے اب اس برأت کے خلاف سپریم کورٹ جانے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے پی ٹی آئی سے کہا کہ ایودھیا کیس میں سپریم کورٹ خود مان چکی ہے کہ بابری مسجد کو شہید کرنا مجرمانہ حرکت تھی۔