بٹوبجرنگی کو 14 روزہ عدالتی تحویل میں دے دیا گیا
نوح کے صدر پولیس اسٹیشن میں ایک تازہ ایف آئی آر درج کی گئی تھی جس کے بعد گرفتاری عمل میں لائی گئی۔ نوح کے ایک پولیس ترجمان نے بتایا کہ بجرنگی کے قبضہ سے 8 تلواریں برآمد کی گئی ہیں۔

گروگرام/ نوح: گاؤرکھشک بٹوبجرنگی کو جسے جاریہ ماہ کے اوائل میں نوح میں فرقہ وارانہ جھڑپوں کے سلسلہ میں گرفتار کیا گیا ہے‘ جمعرات کے روز 14 روزہ عدالتی تحویل میں دے دیا گیا۔
بجرنگی کو آج نوح کی عدالت میں پیش کیا گیا تھا جہاں سے اسے ضلع فریدآباد کی نیم کا جیل کو عدالتی تحویل میں بھیج دیا گیا۔ ایک سینئر پولیس عہدیدار نے یہ بات بتائی۔ بٹو بجرنگی عرف راج کمار کو منگل کے روز فریدآباد سے گرفتار کیا گیا تھا۔
اس کے خلاف نوح کے صدر پولیس اسٹیشن میں ایک تازہ ایف آئی آر درج کی گئی تھی جس کے بعد گرفتاری عمل میں لائی گئی۔ نوح کے ایک پولیس ترجمان نے بتایا کہ بجرنگی کے قبضہ سے 8 تلواریں برآمد کی گئی ہیں۔
بجرنگی جس کی سوشل میڈیا پوسٹس کے ذریعہ شناخت کی گئی ہے‘ اس نے اپنے چند نامعلوم ساتھیوں کے ہمراہ اے ایس پی کنڈو کی زیرقیادت پولیس ٹیم کے ساتھ بدسلوکی کی تھی اور اسے دھمکایا تھا۔ ٹیم نے انہیں نلہر مندر کو تلواریں اور ترشول لے جانے سے روکا تھا۔