شمالی بھارت

ہماچل پردیش میں بی جے پی-کانگریس میں سخت مقابلہ

ایسے میں اگر رجحانات پر نظر ڈالی جائے تو بی جے پی کے رواج کو نہیں بلکہ ریاست میں کانگریس کی حکمرانی بدلنے کا نعرہ سچ ہوتا نظر آرہا ہے۔

شملہ: ہماچل پردیش کے 68 رکنی اسمبلی انتخابات کی آج ہورہی ووٹوں کی گنتی میں حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اور اپوزیشن کانگریس کے درمیان سخت مقابلے کے درمیان وزیر اعلیٰ جے رام ٹھاکر نے سراج سیٹ سے جیت حاصل کی ہے۔

ووٹوں کی گنتی کے تیسرے دور کا پہلا نتیجہ وزیر اعلیٰ کی جیت کے طور پر بی جے پی کے کھاتے میں چلا گیا ہے۔ مسٹر ٹھاکر نے کانگریس کے چترم ٹھاکر کو 13 ہزار سے زیادہ ووٹوں کے فرق سے شکست دی۔ اس سیٹ سے یہ ان کی مسلسل چھٹی جیت ہے۔

ذرائع کے مطابق دوسرا نتیجہ بھی بی جے پی کے حق میں گیا ہے جس میں بی جے پی کے راکیش کمار جوگندر نگر سیٹ سے الیکشن جیت گئے ہیں۔ جیسے جیسے ای وی ایم ووٹوں کی گنتی جاری ہے، کبھی بی جے پی اور کبھی کانگریس کو برتری حاصل ہوتی نظر آرہی ہے۔

موجودہ رجحانات میں بی جے پی 26 اور کانگریس 39 پر آگےچل رہی ہیں۔ تین سیٹوں پر آزاد سمیت دیگر آگے چل رہے ہیں۔ ایسے میں اگر رجحانات پر نظر ڈالی جائے تو بی جے پی کے رواج کو نہیں بلکہ ریاست میں کانگریس کی حکمرانی بدلنے کا نعرہ سچ ہوتا نظر آرہا ہے۔

تمام سیٹوں پر انتخاب لڑنے والی عام آدمی پارٹی (آپ) کو ووٹروں نے مکمل طور پر مسترد کر دیا ہے۔

ریاستی وزیر صنعت وکرم ٹھاکر جسواں سے آگے ہیں۔ وہ حکومت میں واحد وزیر ہیں جو ووٹوں کی گنتی میں اپنے حریفوں پر سبقت لے رہے ہیں۔ بی جے پی کے باغی ہوشیار سنگھ آزاد امیدوار کے طور پر ڈیرہ سے آگے ہیں۔

کانگریس لیجسلیچر پارٹی اور لیڈر آف اپوزیشن مکیش اگنی ہوتری ہرولی، جوالا مکھی سے سنجے رتنا، گگریٹ سے چیتنیا شرما آگے ہیں۔ نالہ گڑھ سے بی جے پی کے باغی کے ایل ٹھاکر آگے ہیں۔

کانگڑا ضلع میں، جس کی 15 اسمبلی سیٹیں ہیں، بی جے پی آٹھ اور کانگریس سات سیٹوں پر آگے ہے۔

کانگریس نے ریاست میں پرانی پنشن اسکیم کی بحالی، مہنگائی اور بے روزگاری کے ایشوز پر الیکشن لڑا، جب کہ بی جے پی مرکز اور اس کی حکومتوں کے ترقیاتی کاموں، فلاحی اور عوامی فلاح و بہبود کی اسکیموں کی بنیاد پر عوام کے درمیان گئی ہے۔

اس وقت کے رجحان میں کانگریس مذکورہ امور کے سہارے برتری لیتی دکھائی دے رہی ہے ۔

a3w
a3w