آندھراپردیش

آندھراپردیش کے پولیس اسٹیشن کے احاطہ میں دھماکہ

زور دار دھماکہ کے بعد آگ پھیل گئی جس کے سبب اس علاقہ میں سراسمیگی پھیل گئی۔ دھماکہ کی وجہ سے احاطہ میں موجود ایک کار اور ٹووہیلرس گاڑیوں کو جنہیں مختلف کیسس کے تحت ضبط کرنے کے بعدیہاں رکھا گیا تھا، آگ لگ گئی۔

امراوتی: آندھرا پردیش میں ضلع چتور کے ایک پولیس اسٹیشن کے احاطہ میں ہفتہ کے روز دھماکہ ہوا۔ یہ دھماکہ آج صبح اس وقت ہوا جبکہ گنگا دھرا پولیس اسٹیشن کے احاطہ میں دھماکو اشیاء کا ذخیرہ کیا جارہا تھا۔ اس واقعہ میں پولیس کا جوان معمولی زخمی ہوگیا۔ ان دھماکو اشیاء کو2018میں ضبط کیا گیا تھا۔

 اس علاقہ کے کانکنی آپریٹرس ان دھماکو اشیاء کو غیر مجاز منتقل کرنے کی کوشش کررہے تھے۔ مگر پولیس نے ان اشیاء کو ضبط کرلیا تھا۔ پولیس اسٹیشن کی عمارت کے عقبی حصہ میں ان اشیاء کو زیر زمین رکھدیا گیا تھا۔ پولیس کے مطابق ضبط شدہ یہ اشیاء ہفتہ کی صبح اچانک پھٹ پڑیں۔

زور دار دھماکہ کے بعد آگ پھیل گئی جس کے سبب اس علاقہ میں سراسمیگی پھیل گئی۔ دھماکہ کی وجہ سے احاطہ میں موجود ایک کار اور ٹووہیلرس گاڑیوں کو جنہیں مختلف کیسس کے تحت ضبط کرنے کے بعدیہاں رکھا گیا تھا، آگ لگ گئی۔

دھماکہ کی شدت سے پولیس اسٹیشن عمارت کے دروازوں اور کھڑکیوں کے علاوہ اس عمارت سے متصل گھروں کو بھی نقصان ہوا۔ دھماکہ کے وقت اسٹوریج کے اطراف کوئی موجود نہیں تھا۔ جس کی وجہ سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ اس پولیس اسٹیشن کے ایک جوان کو معمولی چوٹیں آئیں۔ سینئر عہدیداروں نے پولیس اسٹیشن کا دورہ کیا۔ دھماکہ کی وجوہات کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔