چارمینار ٹاسک فورس کی کارروائی، ممنوعہ انجیکشن کی غیر قانونی فروخت میں ملوث 3 افراد گرفتار
اس سے دل کے امراض، ہائی بلڈ پریشر اور دیگر سنگین پیچیدگیاں پیدا ہونے کا خدشہ رہتا ہے
حیدرآباد: حیدرآباد میں چارمینار زون ٹاسک فورس اور سیف آباد پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے میفینٹرمین سلفیٹ انجیکشن کی غیر قانونی خرید و فروخت میں ملوث تین افراد کو گرفتار کر لیا۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے 100 انجیکشن، ایک یاماہا ایروکس اسکوٹی اور 3 موبائل فون برآمد کیے ہیں، جن کی مجموعی مالیت تقریباً 4 لاکھ روپے بتائی گئی ہے۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان نے ابتدائی پوچھ گچھ میں انکشاف کیا کہ وہ یہ انجیکشن اتر پردیش کے شہر میرٹھ سے ٹرانسپورٹ کے ذریعے منگوا کر حیدرآباد میں زیادہ قیمت پر فروخت کرتے تھے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ میفینٹرمین سلفیٹ ایک ایسی دوا ہے جس کا بغیر طبی مشورے استعمال صحت کے لیے انتہائی خطرناک ثابت ہو سکتا ہے اور اس سے دل کے امراض، ہائی بلڈ پریشر اور دیگر سنگین پیچیدگیاں پیدا ہونے کا خدشہ رہتا ہے۔
پولیس نے عوام، خصوصاً نوجوانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس قسم کی ادویات کے غیر قانونی استعمال اور خرید و فروخت سے گریز کریں۔ گرفتار ملزمان کے خلاف سیف آباد پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کر کے مزید تحقیقات جاری ہیں۔