قومی

سی آئی آئی نے نیشنل انڈسٹریل لینڈ بینک کے قیام کی تجویز پیش کی

اتوار کو جاری ہونے والی کنفیڈریشن کی رپورٹ میں زور دیا گیا کہ سرمایہ کاری کو تیز کرنے، پروجیکٹس میں صرف ہونے والے وقت کو کم کرنے اور ملک کو ایک مسابقتی عالمی مینوفیکچرنگ مرکز کے طور پر قائم کرنے کے لیے صنعتی اراضی تک موثر اور شفاف رسائی انتہائی ضروری ہے۔

نئی دہلی: کنفیڈریشن آف انڈین انڈسٹری (سی آئی آئی) نے ملک میں صنعتی ترقی کو تیز کرنے کے لیے ایک نیشنل انڈسٹریل لینڈ بینک قائم کرنے کا مشورہ دیا ہے۔


اتوار کو جاری ہونے والی کنفیڈریشن کی رپورٹ میں زور دیا گیا کہ سرمایہ کاری کو تیز کرنے، پروجیکٹس میں صرف ہونے والے وقت کو کم کرنے اور ملک کو ایک مسابقتی عالمی مینوفیکچرنگ مرکز کے طور پر قائم کرنے کے لیے صنعتی اراضی تک موثر اور شفاف رسائی انتہائی ضروری ہے۔


سی آئی آئی کا کہنا ہے کہ مینوفیکچرنگ، انفراسٹرکچر، قابل تجدید توانائی اور لاجسٹکس کے لیے صنعتی زمین ایک بنیادی وسیلہ ہے۔ مختلف ریاستوں میں موجودہ نظام ٹوٹے پھوٹے طریقہ کار، پیچیدہ ضوابط، غیر واضح اراضی کے عنوانات، قبضے میں تاخیر اور الاٹ شدہ اراضی کا کم استعمال جیسے مسائل سے دوچار ہے۔ اس کی وجہ سے پونجی کی لاگت میں اضافہ، پروجیکٹس میں تاخیر اور خاص طورپر سرکایہ کاروں کا اعتماد کمزور ہوتا ہے۔


رپورٹ کی ایک اہم سفارش ایک مربوط اور جی آئی ایس سے چلنے والے قومی صنعتی لینڈ بینک کا قیام ہے، جس سے زمین کی دستیابی، زوننگ حیثیت، افادیت، ماحولیاتی رکاوٹوں اور ملکیت کی وضاحت پر فوری معلومات حاصل ہوسکے۔ اس سے شفافیت میں اضافہ ہوگا اور سرمایہ کاری کے فیصلوں میں تیزی اور بہتری آئے گی۔


سی آئی آئی کے ڈائریکٹر جنرل چندرجیت بنرجی نے کہا کہ میک ان انڈیا نیشنل انڈسٹریل کوریڈور، قابل تجدید توانائی کی توسیع اور جدید لاجسٹکس کے تحت ملک کے مینوفیکچرنگ عزائم اس وقت تک پورے نہیں ہوسکتے، جب تک صنعتی زمین قابل رسائی، شفاف اور سرمایہ کاری کے لیے تیار نہ ہو۔


یہ رپورٹ صنعتی زمین کے پورے لائف سائیکل کا تفصیلی تجزیہ فراہم کرتی ہے، جس میں زمین کی تلاش اور شناخت، درخواست، الاٹمنٹ، زمین کے استعمال میں تبدیلی، ملکیت، جسمانی قبضہ اور الاٹمنٹ کے بعد کا استعمال شامل ہے۔


رپورٹ میں صنعتی اراضی کی درخواستوں کے لیے مکمل طور پر مربوط ڈیجیٹل سنگل ونڈو سسٹم کی بھی وکالت کی گئی ہے۔


رپورٹ میں تمام ریاستوں میں اسٹیمپ ڈیوٹی اور رجسٹریشن فیس میں وسیع فرق کو بھی اجاگر کیا گیا ہے، جس سے پروجیکٹوں کی ابتدائی لاگت میں اضافہ ہوتا ہے اور سرمایہ کاری کے فیصلوں پر اثر پڑتا ہے۔

سی آئی آئی صنعتی اراضی کے لیے یکساں قومی اسٹامپ ڈیوٹی لاگو کرنے کی سفارش کرتا ہے، جس سے لین دین کے اخراجات کم ہوں گے اور سرمایہ کاری کے فیصلے اقتصادی بنیاد پر بہتر ہوں گے۔


ادارہ جاتی سطح پر، سی آئی آئی نے ایک قومی صنعتی اراضی کونسل کے قیام کی تجویز پیش کی ہے، جس کا ڈھانچہ سامان اور خدمات ٹیکس کے خطوط پر ہو۔