حیدرآباد

ڈپٹی آئی او ایس چارمینار منڈل 2 کا جی جی پی ایس کرماگوڑہ کا اچانک دورہ، طلبہ کو دیے جانے والے ناشتے کے انتظامات کا جائزہ

انہوں نے والدین اور سرپرستوں سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو مقررہ وقت پر اسکول روانہ کریں اور انہیں اسکول یونیفارم میں بھیجیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے فراہم کی جانے والی درسی کتابوں اور کاپیوں کو طلبہ احتیاط سے رکھیں اور ان کا صحیح استعمال کریں۔

حیدرآباد: ڈپٹی انسپکٹر آف اسکولز چارمینار منڈل 2 کے مدن موہن ریڈی نے جمعہ کو گورنمنٹ گرلز پرائمری اسکول کرماگوڑہ کا اچانک دورہ کیا اور اسکول میں طلبہ و طالبات کو فراہم کیے جانے والے ناشتہ پروگرام کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔

اس موقع پر ڈپٹی آئی او ایس نے طلبہ و طالبات کے ساتھ بیٹھ کر خود بھی ناشتہ کیا اور اسکول میں ناشتے کی فراہمی کے طریقۂ کار کا مشاہدہ کیا۔ طلبہ کو مناسب اور منظم انداز میں پلیٹوں میں ناشتہ فراہم کرنے اور صفائی و نظم و ضبط کے ساتھ انتظامات کرنے پر انہوں نے ہیڈ ماسٹر محمد اسحاق کی کارکردگی کو سراہا۔

کے مدن موہن ریڈی نے کہا کہ حکومت کی جانب سے منتخب پرائمری اور ہائی اسکولوں میں طلبہ کے لیے ناشتہ فراہم کرنے کا پروگرام شروع کیا گیا ہے، جس سے طلبہ کو صبح کے وقت اسکول آنے میں مزید سہولت حاصل ہو رہی ہے۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ اس سہولت سے فائدہ اٹھاتے ہوئے وقت کی پابندی کے ساتھ روزانہ اسکول پہنچیں۔

انہوں نے والدین اور سرپرستوں سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو مقررہ وقت پر اسکول روانہ کریں اور انہیں اسکول یونیفارم میں بھیجیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے فراہم کی جانے والی درسی کتابوں اور کاپیوں کو طلبہ احتیاط سے رکھیں اور ان کا صحیح استعمال کریں۔

ڈپٹی آئی او ایس نے کہا کہ حکومت کی جانب سے پہلے اسکولوں میں طلبہ کے لیے صرف دوپہر کے کھانے کا انتظام کیا جاتا تھا، تاہم اب ناشتے کی سہولت بھی فراہم کی جا رہی ہے، جو طلبہ کی تعلیمی سرگرمیوں اور روزمرہ اسکولی معمولات کے لیے ایک اہم سہولت ہے۔

اسکول کے تدریسی عملے کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کسی بھی اسکول کی ترقی اور طلبہ کی کامیابی میں اساتذہ کا کردار انتہائی اہم ہوتا ہے اور اساتذہ ہی اسکول کی ترقی کی ریڑھ کی ہڈی ہیں۔

انہوں نے ہیڈ ماسٹر محمد اسحاق کو ہدایت دی کہ اسکول میں فراہم کیے جانے والے ناشتے کے انتظامات پر روزانہ کی بنیاد پر خصوصی توجہ دیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ تمام طلبہ کو مناسب وقت پر معیاری ناشتہ فراہم کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کو کامیاب بنانے کے لیے تمام اساتذہ کا تعاون بھی ضروری ہے۔

اس موقع پر اسکول کی معلمات متین سلطانہ، اظہر جہاں، ذاکرہ نسرین اور سلمہ کوثر نے ڈپٹی آئی او ایس کے مدن موہن ریڈی کا خیرمقدم کیا۔ ڈپٹی آئی او ایس کی آمد پر اسکول کے تمام طلبہ و طالبات نے بھی خوشی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر سی آر پیز آئی سریتا اور جی ناگیندر نائک بھی موجود تھے۔